حکومت سندھ نے موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر کراچی بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکول و کالجز آج بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ نے کہا کہ طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق محکمہ تعلیم کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
موسم کی خرابی کے پیش نظر کراچی میں دوسرے روز بھی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج ایک بار پھر موسلا دھار بارش، گرج چمک اور تیز آندھی کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ بدستور شدت کے ساتھ فعال ہے جس کے باعث دوپہر سے رات تک مختلف علاقوں میں شدید بارش کا امکان ہے۔ ماہرین نے بتایا کہ کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 28 جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔