کراچی والوں کو کس بات کی سزا دی جارہی ہے؟ 40 سے زائد گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بجلی عدم بحال

ہماری ویب  |  Aug 21, 2025

کراچی میں بارش کے بعد زندگی تاحال معمول پر نہیں آسکی۔ منگل کو ہونے والی بارش کے دو دن گزرنے کے باوجود شہر کے کئی علاقے بجلی کی فراہمی سے محروم ہیں اور شہری شدید مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔

صدر کے رتن تلاؤ اور اردو بازار سے لے کر ملیر کی عالمگیر سوسائٹی، کشمیر کالونی سیکٹر بی، جیل روڈ، جمشید روڈ اور گلستان جوہر کے مختلف بلاکس میں اب تک روشنی واپس نہیں آ سکی۔ اسی طرح پی ای سی ایچ ایس بلاک سیون، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد سی ون ایریا، مرچنٹ نیوی سوسائٹی اسکیم 33 اور دیگر علاقوں میں بھی اندھیرا بدستور چھایا ہوا ہے۔ مقامی باشندوں کے مطابق بارہا شکایت درج کرانے کے باوجود فالٹ درست کرنے کا کوئی عملی حل سامنے نہیں آیا۔

بارش کے دوسرے روز شہر میں مزید گیارہ افراد جاں بحق ہوئے، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر رہی، جبکہ کچرے کے ڈھیر اور کیچڑ نے عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کے دعوے اور زمینی حقائق میں بڑا فرق ہے۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو مونس علوی نے کہا ہے کہ بدھ کی شام تک شہر کے 94 فیصد سے زیادہ علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریباً ڈیڑھ سو فیڈرز پر کام ابھی جاری ہے، تاہم بارش اور سڑکوں پر پانی کے باعث عملے کو مرمت کے کام میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More