عالمی شہرت یافتہ امریکی جج فرینک کیپریو چل بسے۔۔ آخری ویڈیو میں کیا نصیحت کی؟ دیکھیں

ہماری ویب  |  Aug 21, 2025

امریکہ کے معروف ریٹائرڈ جج فرینک کیپریو اٹھاسی برس کی عمر میں زندگی کی بازی ہار گئے۔ وہ کافی عرصے سے کینسر کے خلاف جدوجہد کر رہے تھے اور آخری دنوں میں اسپتال میں زیر علاج رہے۔ ان کی وفات نے نہ صرف امریکی عوام بلکہ دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں کو غمگین کر دیا ہے۔

فرینک کیپریو کو ان کے نرم رویے اور انسانیت سے جڑے فیصلوں کی بدولت عالمی سطح پر بے پناہ مقبولیت ملی۔ انہوں نے عدالت میں ہمیشہ قانون کو انصاف کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی اور ایسے فیصلے سنائے جو صرف سزا تک محدود نہیں تھے بلکہ متاثرہ افراد کی حالتِ زار کو بھی مدنظر رکھتے تھے۔ یہی وجہ تھی کہ وہ عام ججوں سے مختلف سمجھے جاتے تھے اور لوگوں کے دلوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔

ان کی زندگی کا آخری پیغام بھی ان کے اسی انداز کی عکاسی کرتا ہے۔ اسپتال کے بستر سے جاری ویڈیو میں انہوں نے اپنے مداحوں کو نصیحت کی کہ آنے والے وقت کا کوئی علم نہیں، اس لیے بہتر ہے کہ ہر دن کو خوشی کے ساتھ گزارا جائے اور زندگی کو بھرپور انداز میں جیا جائے۔ ان کے یہ الفاظ اب دنیا بھر میں یادگار بن چکے ہیں۔

کیپریو نے چالیس سال تک عدالتی نظام میں خدمات سرانجام دیں اور رواں سال کے آغاز میں سبکدوشی اختیار کی۔ وہ رہوڈ آئی لینڈ کی میونسپل کورٹ کے چیف جج بھی رہے جبکہ ایجوکیشن بورڈ کے چیئرمین کے طور پر بھی اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔ ان کے فیصلوں کی ریکارڈنگز سوشل میڈیا پر نشر کی جاتی تھیں اور ان کے عدالتی رویے کو دیکھ کر لاکھوں افراد متاثر ہوتے تھے۔ ان کا یہی منفرد انداز انہیں ایک عام جج سے بڑھ کر ایک عوامی شخصیت بنا گیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More