گلیشیئر پھٹنے کی بروقت اطلاع، چرواہوں کے لیے 25، 25 لاکھ روپے کا انعام

اردو نیوز  |  Aug 26, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے گلوف (گلیشیئر پھٹنے) کی بروقت اطلاع دے کر سینکڑوں جانیں بچانے والے چرواہوں میں 25، 25 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے چرواہوں کو وزیراعظم آفس کی جانب سے دعوت دی گئی تھی، جس پر وہ پیر کو اسلام آباد پہنچے اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات بھی ہوئی۔

 وزیراعظم نے وصیت خان، انصار اور محمد خان کے بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’آپ تینوں گلگت بلتستان کے ہیروز ہیں اور پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔‘

وزیراعظم نے ان کی انسانی خدمت کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کا یہ اقدام ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔ اطلاع کی بدولت علاقے کو بروقت خالی کروا کر سینکڑوں انسانوں کی جانیں بچائی گئیں۔‘

اس موقع پر وزیراعظم نے تینوں چرواہوں کو 25 ،25 لاکھ روپے کے علیحدہ علیحدہ انعامی چیکس بھی پیش کیے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی گلگت بلتستان میں پیشگی اطلاعات کے نظام پر تیزی سے کام کر رہی ہے اور مستقبل کے لیے ایسا مربوط نظام تشکیل دیا جا رہا ہے جس سے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے گا۔

وصیت خان، انصار اور محمد خان نے پذیرائی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ ان کے ذریعے انسانی جانیں بچ گئیں۔‘

خیال رہے 22 اگست کو گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے علاقے گوپس میں گلیشیئر پھٹنے پر وہاں موجود چرواہوں نے ٹیلی فون پر اس کی اطلاع انتظامیہ اور لوگوں کو دی اور کہا کہ گھروں کو چھوڑ کر نکل جائیں اور نالے کے قریب نہ جائیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگر یہ اطلاع بروقت سامنے نہ آتی تو بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہو سکتا تھا۔ اسی طرح سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھی مقامی رضاکاروں نے امدادی کاموں میں حصہ لینے کے علاوہ کئی لوگوں کی جانیں بچائیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More