"بیٹی کی پیدائش کے بعد میری زندگی ہی بدل گئی ہے، بہن بھائی اب پہلے سے بھی زیادہ قریب ہیں، روزانہ سرینا کو دیکھنے کی ضد کرتے ہیں۔ جب مجھے معلوم ہوا کہ میں ماں بننے والی ہوں تو دل میں خوشی بھی تھی اور امی کی کمی بھی شدت سے محسوس ہوئی۔ لیکن علی، بہن بھائی اور فیملی نے وہ وقت آسان بنا دیا۔"
اداکارہ صبور علی نے ایمن سلیم کے پوڈکاسٹ میں پہلی بار کھل کر اپنے تجربات بیان کیے اور ان افواہوں کا جواب دیا جو بیٹی کی پیدائش کے بعد ان کے اردگرد گردش کرنے لگیں۔ صبور نے بتایا کہ ترکیہ کے ایک سفر کے دوران انہیں پہلی بار اندازہ ہوا کہ وہ ماں بننے والی ہیں۔ سب سے پہلے یہ خوشخبری انہوں نے شوہر علی انصاری کو سنائی اور وطن واپس آ کر گھر والوں کو آگاہ کیا۔ وہ چاہتی تھیں کہ سب کو سرپرائز دیں، لیکن طبیعت بگڑنے کے باعث گھر ہی میں سب کو بلا کر راز کھولا۔ اس دوران ان کی بہن سجل علی کو پہلے ہی اندازہ ہو چکا تھا۔
صبور نے بتایا کہ بیٹی کی آمد کے بعد یہ افواہیں بھی پھیلیں کہ شاید انہوں نے گود لینے کا فیصلہ کیا ہے یا سروگیسی کے ذریعے بچی کو دنیا میں لائی گئی ہے۔ اس کی وجہ یہ بنی کہ انہوں نے دورانِ حمل کوئی خاص فوٹو شوٹ نہیں کروایا۔ ان کے مطابق وہ کئی تصاویر شیئر کر چکی تھیں لیکن اسٹائلنگ اور زاویے ایسے تھے کہ لوگوں کو سمجھ نہیں آیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ انسان کو دوسروں کی سوچ کے مطابق جینے کے بجائے اپنی حقیقت پر مطمئن رہنا چاہیے، کیونکہ لوگ چاہے کچھ بھی کہہ لیں، سچائی اپنی جگہ قائم رہتی ہے۔
صبور علی اور علی انصاری جنوری 2022 میں رشتہ ازدواج میں بندھے تھے، اور 19 مارچ 2025 کو انہوں نے اپنی بیٹی سرینا کی پیدائش کی خوشخبری مداحوں کے ساتھ بانٹی۔