اسلام آباد : ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے تاہم عوامی سطح پر اس کمی کو ناکافی قرار دیا جا رہا ہے۔
تقریباً 20 سے 25 روز قبل آٹے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ 20 کلو آٹے کا تھیلا جو پہلے 1500 روپے میں دستیاب تھا، اچانک بڑھ کر 2400 روپے تک جا پہنچا۔ اس اچانک اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کے بجٹ کو شدید متاثر کیا اور عام شہریوں کے لیے گھریلو اخراجات چلانا مشکل بنا دیا۔
تاہم گزشتہ 3 سے 4 روز کے دوران آٹے کی قیمتوں میں کچھ کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور 20 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 100 سے 200 روپے تک سستا ہوا ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ گندم کی فراہمی میں بہتری اور طلب و رسد میں توازن آنے سے قیمتوں میں یہ کمی ممکن ہوئی ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے حکومتی اقدامات پر ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ قیمتوں میں کمی خوش آئند ہے، لیکن موجودہ معاشی حالات اور بڑھتی مہنگائی کے پیشِ نظر یہ کمی عوام کو خاطر خواہ ریلیف دینے کے لیے ناکافی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت نہ صرف آٹے بلکہ دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی کو یقینی بنائے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے مسائل کم ہو سکیں۔