پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی بیٹر سدرہ امین کی شاندار کارکردگی کو بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر متنازع رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
گزشتہ روز قدافی اسٹیڈیم میں ساؤتھ افریقا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں سدرہ امین نے شاندار سنچری اسکور کی جو ان کی لگاتار دوسری اور مجموعی طور پر چھٹی انٹرنیشنل سنچری تھی۔ سنچری مکمل کرنے کے بعد انہوں نے ڈریسنگ روم کی طرف چھ کا اشارہ کیا جو ان کی چھٹی سنچری کی نشاندہی تھی۔
تاہم بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین نے اس اشارے کو پاکستان کے اس دعوے سے جوڑنے کی کوشش کی کہ پاکستان نے بھارت کے چھ طیارے مار گرائے تھے اور اسے سیاست سے تعبیر کرتے ہوئے پروپیگنڈا شروع کر دیا۔
سابق ٹیسٹ اوپنر، سلیکٹر اور کوچ محسن خان نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا اور سوشل انفلوئنسرز پاکستان کے خلاف منفی مہم میں مصروف ہیں۔ ان کے مطابق بھارتی میڈیا کے پاس پاکستان کے علاوہ بات کرنے کے لیے کچھ اور ہے ہی نہیں وہ ہر چیز کو سیاست سے جوڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی کھلاڑیوں نے بھی 14 ستمبر کو ایشیا کپ میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد میدان میں سیاسی اشارے دیے تھے جس پر سوالات اٹھے تھے۔