بینکوں اور اے ٹی ایم سے رقم لے کر نکلنے والوں کو لوٹنے والا گروہ اور آن لائن ڈرگ سپلائر گرفتار

ہماری ویب  |  Sep 25, 2025

کراچی: ایس آئی یو / سی آئی اے نے بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والے گروہ سمیت منشیات فروش کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی، ایس آئی یو امجد شیخ کے مطابق سی آئی اے پولیس نے تکنیکی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان عبد القادر اور نور محمد کو گلشن اقبال بلاک 10 سے گرفتار کرکے دو پستول، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان بینکوں اور اے ٹی ایم سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹتے تھے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ گروہ کا ایک کارندہ بینک کے اندر داخل ہو کر کیش نکالنے والے شہریوں کی ریکی کرتا تھا اور شہری کی اطلاع بینک کے باہر کھڑے ملزمان کو دی جاتی تھی، بعدازاں باہر کھڑے ملزمان شہری کا پیچھا کرکے رقم لوٹتے اور باآسانی فرار ہوجاتے تھے۔

بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران سال 2022 میں کورنگی میں شہری سے 23 ہزار روپے، ملیر میں نجی بینک کے باہر شہری سے 48 ہزار روپے، شاہ فیصل میں اے ٹی ایم سے نکلنے والے شہری سے 9 ہزار روپے، بینک سے نکلنے والے ایک شہری سے 65 ہزار روپے، رواں سال ملیر میں بینک کے باہر شہری سے 50 ہزار روپے، کورنگی میں نجی بینک کے باہر شہری سے پرائز بانڈ لوٹنے کے علاوہ متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

ملزمان کے خلاف ایس آئی یو میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جن سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ گروہ میں شامل دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔

دوسری جانب ایس آئی یو سی آئی اے نے جمشید کوارٹر کے علاقے سے عرفان نامی ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے ایک کلو ویڈ برآمد کرلی۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ وہ آن لائن واٹس ایپ پر آرڈر لےکر ایڈوانس پیمنٹ منگوانے کے بعد شہر کے پوش علاقوں میں منشیات سپلائی کرتا تھا،

ایس ایس پی امجد شیخ کے مطابق ملزم نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو بھی منشیات سپلائی کرتا تھا، ملزم نے اعتراف کیا کہ کوریئر سروس کے ذریعے بھی آن لائن منشیات سپلائی کی جاتی تھی، ملزم کے خلاف ایس آئی یو میں مقدمہ درج کرلیا گیا، جس سے مزید انٹیروگیشن جاری ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More