دبئی میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025ء کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 147 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار ہوگئی ہے اور پانچ اوورز کے اختتام پر اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پاکستان اور بھارت فائنل میں آمنے سامنے ہیں۔ میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا اور پاکستانی ٹیم 19.1 اوورز میں 146 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پہلی وکٹ دوسرے اوور میں گری جب ابھیشیک شرما صرف 5 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور ایک رن بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر چلتے بنے۔ بھارت کو تیسرا جھٹکا 20 کے مجموعی اسکور پر لگا جب شبمن گل نے 12 رنز اسکور کرنے کے بعد فہیم اشرف کو وکٹ دے دی۔
ابتدائی اوورز میں تین اہم کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارتی ٹیم دباؤ میں ہے اور فائنل کا مقابلہ سنسنی خیز صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے۔