کراچی میں لرزہ خیز واقعہ: معصوم بچوں کے سامنے باپ کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

ہماری ویب  |  Sep 29, 2025

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11 میں دن دہاڑے ڈکیتی مزاحمت پر سفاک ملزمان نے بچوں کے سامنے ایک باپ کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ رحمت چوک کے قریب پیش آیا جہاں فیصل آباد سے آئے 25 سالہ سجاد شوکت اپنے بچوں کے ہمراہ گھر کے دروازے پر کھڑے تھے کہ موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی۔ سجاد نے مزاحمت کی تو ایک ملزم نے انتہائی قریب سے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقتول کے گود میں ایک بچہ موجود تھا جبکہ دوسرا قریب کھڑا تھا۔ گولی لگنے پر مقتول گھر کی دہلیز پر گر پڑا اور بچے خوفزدہ ہو کر اندر بھاگ گئے۔

فائرنگ کرنے والے ملزم کا چہرہ فوٹیج میں واضح نظر آ رہا ہے جبکہ ساتھی ملزم موٹرسائیکل پر موجود تھا۔ واقعے کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہو گئے۔

ڈی آئی جی ویسٹ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او اقبال مارکیٹ کو معطل کر کے عہدے میں تنزلی کر دی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More