حکومت ’آزاد کشمیر‘ میں کیے گئے وعدوں کو پورا کرے گی: احسن اقبال

اردو نیوز  |  Oct 05, 2025

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں جموں کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی کے رکن احسن اقبال نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے جو وعدے کیے ہیں ان پرخلوص طریقے سے عمل کریں گے۔

سنیچر کو حکومتی کمیٹی مظفر آباد سے مذاکرات کے بعد واپس اسلام آباد  پہنچی اور اس موقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے تحت جو 15 روزہ میکنزم بنایا گیا ہے اس سے شکایت کا موقع نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’ہماری بات چیت کامیاب ہوئی اور امن بحال ہوا۔ دونوں فریقین نے آزاد کشمیر اور پاکستان کے مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے اقدامات کیے۔ حکومت بھی ان مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔‘

احسن اقبال نے کا کہنا تھا کہ ’آزاد کمشیر سمیت ملک میں جہاں بھی انتظامی ڈھانچے میں کمزوریاں ہیں انہیں دور کرنا چاہیے، گورنس کو بہتر کرنا چاہیے۔‘

’اس معاہدے سے آزاد کشمیر میں امن کی جیت ہوئی ہے، یہ عوام کی جیت ہے اور پاکستان کی جیت ہے۔‘

مزید کہا کہ ’اس عمل سے پتا چلا کہ شکایات کو افراتفری کے بجائے میز پر بیٹھ کر حل کرتے ہیں، اور اس سے ثابت ہوا کہ جمہوریت کا کیا حسن ہے۔ جو منظر پاکستان کے بدخواہ دیکھنا چاہتے تھے کہ بدامنی ہو انہیں ناکامی ہوئی۔ ان کی سازش ناکام ہوئی ہے۔‘

واضح رہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں گذشتہ پانچ روز سے احتجاج جاری تھا جس کے دوران کچھ ہلاکتیں بھی ہوئیں۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات کے لیے حکومتی کمیٹی کو مظفرآباد بھیجا تھا جس نے جموں کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ بات چیت کی اور دونوں فریقین ایک معاہدے پر پہنچے۔

سنیچر کی صبح (چار بجے کے قریب) جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور وفاقی وزرا کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا جس کو پاکستان، کشمیر اور جمہوریت کی فتح قرار دیا گیا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More