جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے اور نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اب تک راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں اوسطاً 21 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
سیدپور گاؤں میں 25 ملی میٹر، گولڑہ میں 20 ملی میٹر، بوکڑا میں 32 ملی میٹر، پی ایم ڈی میں 23 ملی میٹر، شمس آباد میں 24 ملی میٹر، کچہری چکلالہ کے قریب 19 ملی میٹر، پیر ودھائی میں 13 ملی میٹر، گوالمنڈی میں 18 ملی میٹر جبکہ نیو کٹاریاں میں 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق، بارش کے باعث نالہ لئی اور اس سے منسلک چھوٹے نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق،کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5.5 فٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 2 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق، پری الرٹ لیول کٹاریاں کے مقام پر 11.4 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 8.3 فٹ مقرر ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نالہ لئی اور برساتی نالوں کے اطراف غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور موسمی صورتحال سے متعلق اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، بارش کا سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ کم درجے کے شہری سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ریسکیو اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔