راولپنڈی : ممنوعہ ادویہ کی فروخت، "بادشاہ دی ہٹی" کے مالک کو 8 برس قید، 2 کروڑ روپے جرمانہ

ہماری ویب  |  Oct 06, 2025

راولپنڈی کی مقامی عدالت نے غیر رجسٹرڈ اور ممنوعہ ادویہ کی فروخت کے مقدمے میں معروف دکان "بادشاہ دی ہٹی" کے مالک عبدالرزاق کو جرم ثابت ہونے پر 8 سال قید اور 2 کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

مقدمے کی سماعت چیئرمین ڈرگ کورٹ راولپنڈی محمد فیصل بٹ کی سربراہی میں ہوئی۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ ملزم کے خلاف پیش کردہ شواہد اور گواہیوں سے ثابت ہوا کہ وہ غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری ادویہ کی فروخت میں ملوث تھا، جو عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق، عبدالرزاق کو مجموعی طور پر 8 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ 2 کروڑ روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ فیصلہ سنائے جانے کے بعد مجرم عبدالرزاق کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں قید میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق، ڈرگ انسپکشن ٹیم نے چند ماہ قبل راولپنڈی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے "بادشاہ دی ہٹی" نامی میڈیکل اسٹور سے درجنوں غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی ادویہ برآمد کی تھیں، جنہیں بغیر اجازت فروخت کیا جا رہا تھا۔

ڈرگ کورٹ کے فیصلے کو صحت عامہ کے تحفظ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویہ کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More