Getty Imagesپاکستان کے وزیر داخلہ سنیچر کو اچانک ایران پہنچ گئے تھے دوسری جانب امریکی جریدے نیو یارک ٹائمز نے دو عہدے داروں کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل ایران پر دوبارہ حملے کی تیاریاں کر رہے ہیں
امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر دوبارہ حملے کی تیاریوں سے متعلق رپورٹس اور ایرانی عہدے داروں کے جارحانہ بیانات کے بعد خطے میں دوبارہ جنگ شروع ہونے کے خدشات زور پکڑ رہے ہیں اور ایسے میں پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا ’غیر اعلانیہ‘ دورہ ایران بھی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
امریکی جریدے نیو یارک ٹائمز نے مشرق وسطیٰ کے دو نامعلوم عہدیداروں کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل ایران پر دوبارہ حملے کے امکان پر غور کر رہے ہیں اور اس کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔ جریدے کا دعویٰ ہے کہ یہ حملے آئندہ ہفتے تک شروع ہو سکتے ہیں۔
ان دونوں عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نیو یارک ٹائمز کو بتایا کہ امریکہ اور اسرائیل کی یہ تیاریاں جنگ بندی کے بعد اب تک کی سب سے وسیع فوجی تیاریاں ہیں۔
بعض ایرانی عہدیداروں نے بھی امریکہ اور خلیجی ممالک کو دوبارہ جنگ شروع ہونے کے خدشے کے پیش نظر خبردار کیا ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے جنگ کے دوران خلیجی ممالک میں موجود امریکی اڈوں پر ایرانی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’حالیہ جنگ میں سینٹکام (امریکی سینٹرل کمانڈ) کے کرائے کے ٹھکانوں پر ہمارا جوابی حملہ انتہائی محدود تھا لیکن یہ ضبط ہمیشہ کے لیے نہیں رہے گا۔‘
اُنھوں نے مزید کہا کہ ’ایران نے برسوں تک ان ممالک کو دوست اور بھائی کے طور پر دیکھا، لیکن انھوں نے اپنی آزادی پہلے ہی بیچ کر اپنے ملک اور گھروں کو فلسطین اور ایران کے دشمنوں کے حوالے کر دیا۔‘
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹریٹ سے وابستہ میڈیا آؤٹ لیٹ ’نور نیوز‘ نے ایک نامعلوم اعلیٰ فوجی عہدیدار کے حوالے سے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو ’وہ اہداف، جنھیں 40 روزہ جنگ کے دوران بعض وجوہات کی بنا پر نشانہ نہیں بنایا گیا تھا، اس بار ترجیحی آپریشنل فہرست میں ہوں گے۔‘
دوسری جانب امریکی وزیرِ دفاع نے اس ہفتے امریکی کانگریس کو بتایا کہ پینٹاگون کے پاس مختلف حالات کے لیے منصوبے موجود ہیں، جن میں ضرورت پڑنے پر جنگ دوبارہ شروع کرنا اور خطے سے فوج کم کرنا یا واپس بلانا بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ امریکہ اور ایران آٹھ اپریل کو پاکستان کی ثالثی کے بعد جنگ بندی پر متّفق ہوئے تھے، فریقین کے درمیان اس کے بعد اسلام آباد میں مذاکرات بھی ہوئے تھے جو بے نتیجہ رہے تھے۔
نیو یارک ٹائمز نے امریکی عہدیداروں کے حوالے سے بتایا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ حملہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ایک آپشن ایران کے فوجی ٹھکانوں اور بنیادی ڈھانچے پر شدید بمباری ہے جبکہ دوسرا آپشن ایک زمینی مہم ہے جس میں ایران کے افزودہ یورینیم کے ذخائر کو ہٹانے کی کوشش کی جائے گی۔
آبنائے ہرمز سے مزاحمت کے محور تک: وہ نکات جن کے باعث ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہیںٹرمپ پاکستان کے ثالثی کے کردار پر نظرثانی سے متعلق ’نہیں‘ سوچ رہے: ’پاکستانیوں نے عمدہ کردار ادا کیا، وہ شاندار کام کر رہے ہیں‘امریکہ، اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ: ایک تنازع اور کامیابی کے دو متضاد دعوےایرانی حملے، مصری فضائیہ اور اسرائیل: متحدہ عرب امارات کے عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کیوں خراب ہوئے؟
خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ذخائر 12 روزہ جنگ کے دوران جوہری تنصیبات پر ہونے والی بمباری کے بعد ملبے کے نیچے دب گئے ہیں۔
امریکہ اور اسرائیل کی ممکنہ فوجی کارروائی کے بارے میں قیاس آرائیاں اس وقت مزید بڑھ گئیں جب ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ دورۂ چین اور چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے باوجود ایران جنگ اور آبنائے ہرمز کے بارے میں کوئی ٹھوس نتیجہ سامنے نہیں آ سکا۔
منگل کو چین روانہ ہونے سے قبل ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو خبردار کیا کہ اسے امریکہ کے ساتھ معاہدہ کرنا ہی ہوگا ورنہ اسے ’تباہ‘ کر دیا جائے گا۔
پیر کے روز اُنھوں نے ایران کے ساتھ ہونے والی جنگ بندی کو انتہائی نازک قرار دیا۔
ان بیانات کے بعد ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج’دوسری جانب کی جارحیت‘ کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
اُنھوں نے ایکس پر لکھا کہ ’غلط حکمتِ عملی اور غلط فیصلوں کے ہمیشہ غلط نتائج ہوتے ہیں۔ ہم ہر آپشن کے لیے تیار ہیں۔ ہم انھیں حیران کر دیں گے۔‘
محسن نقوی کا اچانک دورہِ ایران
اس دوران ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ نے رپورٹ کیا کہ پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی ’غیر اعلانیہ دورے‘ پرتہران پہنچے ہیں۔
بی بی سی فارسی کے مطابق ارنا نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ محسن نقوی سنیچر کو ایران پہنچے ہیں اور وہ ایران کے بعض عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔
ایران پہنچنے پر محسن نقوی نے اپنے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات کی۔
ایرانی ٹیلی ویژن نے ایران اور پاکستان کے وزرائے داخلہ کے درمیان ملاقات کی تصاویر نشر کرتے ہوئے اس ملاقات کو ’اہم‘ قرار دیا ہے۔
ایرانی ٹی وی کے مطابق، اسکندر مومنی نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران ’امن کا حامی‘ ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کی کوششوں کو ’بہت سراہتا‘ ہے۔
ایرانی وزیر داخلہ نے پاکستان کے آرمی چیف، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی جاری تنازع کے حل کے لیے کوششوں کو ’مخلصانہ اور پُرعزم‘ قرار دیا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
ایران اور امریکہ کے درمیان موجودہ جنگ بندی میں پاکستان ثالثی کر رہا ہے اور اس نے ایک بار امن مذاکرات کے لیے اعلیٰ ایرانی اور امریکی عہدیداروں کی میزبانی بھی کی تھی۔
تاہم یہ امن مذاکرات اب تک کسی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے ہیں۔
ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتے اختلافات کے باعث ان مذاکرات کا دوسرا دور منعقد نہیں کیا جا سکا۔
پاکستان کے وزیرِ داخلہ نے ایک ماہ قبل فوج کے سربراہ عاصم منیر کے ساتھ ایران کا دورہ کیا تھا۔
’یورپی ممالک ایران سے بات کر رہے ہیں‘Amirhossein KHORGOOEI / ISNA / AFP via Getty Images
دوسری جانب ایرانی سرکاری ٹیلی وژن نے بتایا ہے کہ یورپی ممالک آبنائے ہرمز سے اپنے جہازوں کو گزرنے کی اجازت دینے کے سلسلے میں ایران کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔
اس میں یورپی ممالک کے نام لیے بغیر کہا گیا ہے کہ ’مشرقی ایشیائی ممالک، خصوصاً چین، جاپان اور پاکستان کے جہازوں کے گزرنے کے بعد آج ہمیں اطلاع ملی ہے کہ یورپی ممالک نے بھی اپنے جہازوں کے لیے آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے پاسدارانِ انقلاب گارڈز کے ساتھ بات چیت شروع کر دی ہے۔‘
ایران نے 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اس اہم سمندری راستے کو تقریباً بند کر رکھا ہے۔
اس آبی گزرگاہ پر ایران کے کنٹرول نے دنیا بھر کے تیل اور گیس کے بازاروں پر گہرا اثر ڈالا ہے۔
عام حالات میں تیل اور ایل این جی کی عالمی برآمدات کا تقریباً پانچواں حصہ اسی سمندری راستے سے گزرتا ہے۔
اس کے ساتھ ہی کئی دیگر ضروری اشیا بھی آبنائے ہرمز کے ذریعے منتقل ہوتی ہیں۔
کیا ایران جنگ خلیجی ممالک اور امریکہ کے درمیان اتحاد کا خاتمہ کر دے گی؟ٹرمپ پاکستان کے ثالثی کے کردار پر نظرثانی سے متعلق ’نہیں‘ سوچ رہے: ’پاکستانیوں نے عمدہ کردار ادا کیا، وہ شاندار کام کر رہے ہیں‘نتن یاہو کا بوٹ فارمز کے ذریعے ’امریکہ، اسرائیل اتحاد کو نقصان پہنچانے‘ کی کوششوں کا الزام اور پاکستان کا تذکرہامریکہ، اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ: ایک تنازع اور کامیابی کے دو متضاد دعوےامریکہ، اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ: ایک تنازع اور کامیابی کے دو متضاد دعوے