8 کھلاڑیوں کا گروپ بنالیا تھا اور ۔۔ بابر اعظم سے کپتانی واپس لینے کی اصل وجہ کیا تھی؟

ہماری ویب  |  Dec 19, 2023

بھارت میں ہونیوالے کرکٹ ورلڈکپ کے بعد پاکستان ٹیم میں تبدیلیوں اور بابر اعظم کو قیادت سے ہٹانے کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی۔

منظر عام پر آنے والی آڈیو میں مبینہ طور پر ذکاء اشرف کسی خاتون سے بات کررہے ہیں، گفتگو کے دوران ذکاء اشرف کہتے ہیں کہ بابراعظم نے 8 کھلاڑیوں کا گروپ بنا رکھا تھا، انہیں ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بننے کے لئے کہا تھا، لیکن انہوں نے انکار کردیا۔

خاتون کہتی ہے کہ ہم شائقین ہیں ہم دیکھتے ہیں کہ کپتان صاحب اپنے دوستوں کو کھلانا شروع کردیتے ہیں۔ شاداب کی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی۔ یہ نہیں ہونا چاہئے۔جواب میں مبینہ طور پر ذکا اشرف کہتے ہیں اس وجہ سے کرکٹ خراب ہورہی ہے۔

دلچسپ بات تو یہ ہے کہ اس مبینہ آڈیو میں ایک اور نامعلوم شخص بھی بات کرتا ہے اور کہتا ہے کہ حسن علی کا بھی تو ایسا ہی تھا وہ ورلڈ کپ کھیل گیا۔ خاتون کہتی ہے نہیں نہیں حسن تو اس لئے تھا کہ نسیم شاہ نہیں تھا ناں۔

ذکا اشرف کہتے سنائی دیتے ہیں کہ حسن بھی تو بابر کا ہی دوست ہے۔ ذکا اشرف کے جواب میں وہی نامعلوم خاتون کہتی ہے نہیں نہیں ابو حسن تو اس لئے تھا کہ نسیم شاہ نہیں تھا۔

مبینہ آڈیو میں ذکااشرف کہہ رہے ہیں کہ بابر اعظم کو میں نے کہا کہ تم ٹیسٹ کی کپتانی رکھو، تمہیں وائٹ بال سے ہٹانے کا سوچا ہے، اس نے جواب دیا کہ اچھا جی میں گھر پوچھ لوں ذرا پھر آپ کو فیصلہ بتاتا ہوں، بابر اعظم نے گھر سے نہیں پوچھا بلکہ اس نے طلحہ کو فون کرکے مشورہ کیا۔ اور اسی نے مشورہ دیا تم سارے چھوڑ دو۔

مبینہ آڈیو میں ذکا اشرف کہتے ہیں کہ طلحہ عثمانی پلیئرز ایجنٹ ہے، اس نے نیشنل ٹیم کے 8 پلیئرز کو قابو کیا ہوا ہے، اس نے کھلاڑیوں کے ساتھ کنٹریکٹ سائن کیا ہوا ہے، وہ اتنا ہوشیار آدمی ہے کہ پلیئرز کے گھروں میں جاکر فیملی کے ساتھ بہت تعلقات بنائے ہوئے ہیں، اور پلیئرز ایسے ہیں کہ اس کے بغیر ہل نہیں سکتے۔

مبینہ آڈیو میں چیئرمین پی سی بی کہتے ہیں کہ میرا پلان بی بھی تیار تھا اگر بابر نے ایسے کیا تو میں ایسے کروں گا، جب بابر نے کپتانی چھوڑی تو میں نے فٹا فٹ دوسرے بندے کو کہا چل بھئی اب تو کپتان ہے۔

نامعلوم خاتون سوال پوچھتی ہے تو وائٹ بال میں کپتان کون ہے اب؟ کیا شان مسعود ہے۔ذکا اشرف جواب میں کہتے ہیں نہیں وائٹ بال میں آفریدی ہے وہ شاہین آفریدی ہے ٹھیک ہے وہ۔

خاتون دوبارہ کہتی ہے اچھا، لیکن وائٹ بال میں رضوان بہتر نہیں تھا۔ذکااشرف کہتے ہیں کہ رضوان مجھے پسند تھا لیکن وہ بھی بابر اور طلحہ کے ساتھ ملوث تھا۔ بابر اعظم نے 8 کھلاڑی کا گروپ بنا رکھا تھا۔ 8 پلیئرز ہمارے قابو کئے ہوئے ہیں جو مرضی ہے کرلے وہ۔

خاتون کہتی ہے کہ ایسے تو شاہین ، شاہد آفریدی کے کنٹرول میں ہے۔ذکا اشرف جواب دیتے ہیں کہ شاہد آفریدی تو شاہین کا سسر ہے ناں۔

خاتون ایک پھر کہتی ہے دیکھیں ابو شاہد آفریدی سسر ہے لیکن وہ بہت زیادہ مداخلت کرتا ہے۔دوسرا نامعلوم شخص کہتا ہے کہ دیکھیں بیٹا اب اتنا تو پھر چلتا ہے ناں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More