چیمپیئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کو ایک ہی وینیو دینے پر برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
موجودہ اور سابق کرکٹرز کے بعد برطانوی میڈیا نے بھی بھارتی کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کو آڑے ہاتھوں لے لیا، ٹیلی گراف نے بھارت کو ایک ہی گراؤنڈ کا ایڈوانٹیج دینے پر تنقید کی۔
اخبار نے لکھا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل کا ٹاس کرنے کی کیا ضرورت ہے، بھارتی کپتان سے پوچھ لیں کہ وہ بیٹنگ کریں گے یا باؤلنگ۔
پاکستانی ٹیم نے محنت کی لیکن نتیجہ ہمارے حق میں نہیں آیا، سرفراز احمد
اس موقع پر ٹیلی گراف نے آئی سی سی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران ٹیموں کو دو ملکوں کے درمیان ہزاروں کلومیٹر سفر کرنا پڑا لیکن بھارتی ٹیم کو اس کی زحمت نہیں اٹھانا پڑی۔
بھارتی ٹیم نے اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے یعنی عملاً اس نے صفر کلومیٹر فاصلہ طے کیا جبکہ نیوزی لینڈ نے سب سے زیادہ یعنی 7048 کلومیٹر سفر کیا، اس بارے میں نیوزی لینڈ کے کپتان نے بھی کہا تھا کہ بھارت کو ایک ہی جگہ کھیلنے کا ایڈوانٹیج حاصل ہے۔