ویسے تو یہ بہت عام مسئلہ ہے مگر اکثر ایسا آپ کی ایک بہت عام عادت کی وجہ سے ہوتا ہے اور وہ ہے فون کو ہر بار 100 فیصد چارج کرنا۔
یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ موجودہ عہد میں بیشتر افراد فون کو رات بھر چارج پر لگا کر چھوڑ دیتے ہیں تاکہ صبح 100 فیصد بیٹری ان کا استقبال کرے۔
مگر یہ عادت طویل المعیاد بنیادوں پر اسمارٹ فون بیٹری کے لیے تباہ کن ثابت ہوتی ہے۔ جی ہاں واقعی اسمارٹ فونز تیار کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ فون کو زیادہ وقت تک چارجر پر لگا کر نہیں چھوڑیں یا رات بھر چارج نہ کریں۔
کمپنیوں کی جانب سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ فون کی بیٹری کو 30 سے 70 فیصد کے درمیان چارج کرنے سے بیٹری لائف کو طویل عرصے تک مستحکم رکھنا ممکن ہوتا ہے۔ جب آپ ہر بار فون بیٹری کو 100 فیصد چارج کرتے ہیں تو وقت گزرنے کے ساتھ بیٹری بہت تیزی سے تنزلی کا شکار ہونے لگتی ہے۔
ماہرین کے مابق جب فون مکمل چارج ہو جاتا ہے اور آپ مسلسل فون کو 100 فیصد چارج کرتے ہیں تو بیٹری کو بہت زیادہ وولٹیج ملتا ہے جس سے اس کی کیمیائی عمر میں تبدیلیاں آتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہر بار فون کو 100 فیصد چارج کرنے سے بیٹری 10 سے 15 فیصد زیادہ تیزی سے تنزلی کا شکار ہوتی ہے۔
زیادہ تر اسمارٹ فونز میں lithium-ion بیٹریز کا استعمال کیا جاتا ہے اور وہ وقت کے ساتھ تنزلی کا شکار ہوتی ہیں۔ اگر آپ بیٹری کو لگ بھگ ختم ہونے کے قریب جا کر چارج کرتے ہیں تو اس پر تناؤ بڑھتا ہے اور ایسا ہی مسلسل چارج کرنے پر بھی ہوتا ہے۔ ہر بار بیٹری کو 100 فیصد چارج کرنے سے بیٹری پر تناؤ بڑھتا ہے، اس کے مقابلے میں 30 سے 70 فیصد چارجنگ پر تناؤ اتنا زیادہ نہیں ہوتا جس سے بیٹری لائف میں طویل المعیاد بنیادوں میں اضافہ ہوتا ہے۔
اب تو بیشتر فونز میں یہ آپشن موجود ہے جس سے صارفین دیکھ سکتے ہیں کہ ان کی بیٹری کتنے فیصد باقی رہ گئی ہے۔ ایپل کے آئی فونز میں تو ایسی بیٹری چارجنگ سیٹنگ بھی موجود ہے جس سے اسے 80 فیصد سے کم چارج کرنا ممکن ہے۔ ماہرین کے مطابق فون کو 20 سے 80 فیصد کے درمیان چارج کرنا بہترین ہوتا ہے ایسا کرنے سے بیٹری لائف میں اضافہ ہوتا ہے۔
جس طرح فون کو 100 فیصد تک چارج کرنا طویل المعیاد بنیادوں پر نقصان دہ ثابت ہوتا ہے اسی طرح فون کو ہر بار اس وقت چارج پر لگانا بھی نقصان دہ ہوتا ہے جب وہ صفر کے قریب پہنچ چکی ہو۔ویسے تو فون کو ہر بار 100 فیصد چارج کرنا بیٹری کے لیے بہترین نہیں مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ ایسا بالکل نہ کریں۔
کبھی کبھار ایسا کرنا نقصان دہ نہیں خاص طور پر جب آپ کو گھر یا دفتر سے باہر کوئی بہت ضروری کام کرنا ہو یا بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہو۔ اسی طرح اگر یہ خیال نہ رکھا جائے کہ ڈیوائس کو کہاں چارج کیا جا رہا ہے اس سے بھی فون بیٹری کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ چارجنگ کے دوران فون کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے اور اگر کچھ غلط ہو جائے تو فون پھٹ سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق فون کو بھی بستر پر تکیے کے نیچے چارج پر لگا کر نہ چھوڑیں کیونکہ کپڑا آگ پکڑ سکتا ہے۔ اس کے مقابلے میں لکڑی یا پتھر کی سطح پر فون کو چارج کرنا بہتر ہے کیونکہ ان میں بیٹری کی حرارت زیادہ جذب نہیں ہوتی۔