نیو یارک ٹائمز اسکوائر پر پہلی بارپاکستانی فلم کی اسکریننگ

سچ ٹی وی  |  May 23, 2025

ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی آنے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’لو گُرُو‘ کے ٹریلر کی ٹائمز اسکوائر امریکا پر اسکریننگ کردی گئی۔

’لو گُرُو‘ وہ پہلی پاکستانی فلم بن گئی، جس کے ٹریلر کو ٹائمز اسکوائر کی اسکرینز پر چلایا گیا اور اسے دیکھنے کے لیے فلم کی کاسٹ اور درجنوں مداح بھی وہاں موجود تھے۔

ٹائمز اسکوائر پر ٹریلر کی اسکریننگ کے موقع پر ماہرہ خان اور ہمایوں سعید بھی موجود تھے، جنہوں نے وہاں آنے والے مداحوں کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بھی بنوائیں۔

’لو گُرُو‘ کے ٹریلر کی اسکریننگ کے موقع پر وہاں تقریب بھی منعقد کی گئی جب کہ فلم کی کاسٹ نے نیویارک کے علاوہ دیگر امریکی شہروں میں بھی فلم کی پروموشن کی۔

ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی جانب سے امریکا میں فلم کی پروموشن کی متعدد ویڈیوز وائرل ہوگئیں، جن میں انہیں فلم کے گانے ’آ تینوں موج کراواں‘ پر رقص بھی کرتے دیکھا گیا۔

’لو گُرُو‘ کو آئندہ ماہ عید الاضحیٰ پر پاکستان اور امریکا سمیت متعدد ممالک میں ریلیز کیا جائے گا، فلم کے گانے اور ٹریلر پہلے ہی وائرل ہو چکے ہیں۔

فلم لو گُرو کا ٹریلر اگرچہ کہانی کو مکمل طور پر واضح نہیں کرتا، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ ہمایوں سعید فلم میں ایک دل پھینک عاشق کے کردار میں نظر آئیں گے جو بعد میں ماہرہ خان کے والد (جاوید شیخ) کی طرف سے ایک ذمہ داری ملنے کے بعد سچی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔

فلم کی شوٹنگ لندن میں کی گئی ہے، جہاں ماہرہ خان کو ایک خوبصورت، بولڈ اور فنونِ لطیفہ سے دلچسپی رکھنے والی لڑکی کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جبکہ ہمایوں سعید کو لندن میں مختلف لڑکیوں کو محبت کے جال میں پھنسانے والے کردار میں دکھایا گیا ہے۔

فلم کی کہانی واسع چوہدری نے لکھی ہے، ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں، اور اسے ہمایوں سعید سمیت دیگر پروڈیوسرز نے پروڈیوس کیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More