کانز فلم فیسٹیول، ’غزہ میں کچھ باقی نہیں رہا‘ فلسطینی فلم ساز

سچ ٹی وی  |  May 23, 2025

کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کرنے والے فلسطینی فلم سازوں عرب اور ترزان ناصر نے کہا ہے کہ غزہ میں اب کچھ بھی باقی نہیں رہا، اسرائیلی حملوں نے علاقے کو شمال سے جنوب تک تباہ کردیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی جڑواں بھائیوں نے اپنی نئی فلم ’ونس اپن اے ٹائم اِن غزہ‘ کے ذریعے فیسٹیول کے ایک سیکشن میں شرکت کی۔ فلم کے پریمیئر کے موقع پر ترزان ناصر کا کہنا تھا کہ اس وقت غزہ میں کچھ باقی نہیں رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اسرائیلی حملوں نے نہ صرف شہر کو تباہ کیا بلکہ ان کے والد کا گھر بھی ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ اُن کے مطابق جب وہ چھوٹے تھے تو اس وقت غزہ ایک جنت تھا جسے اسرائیل نے تباہ کردیا ہے۔

عرب ناصر کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر فلسطینیوں کی آواز پہنچانا ضروری ہے تاکہ دنیا ہماری کہانی سن سکے۔ ان کے مطابق فلم کا مقصد صرف سیاسی پیغام دینا نہیں بلکہ غزہ کے عوام کی روزمرہ زندگی، ان کی امیدوں اور خوابوں کی عکاسی کرنا ہے۔

’ونس اپن اے ٹائم ان غزہ‘ کی کہانی 2007 میں حماس کے اقتدار سنبھالنے کے بعد کے غزہ پر مبنی ہے، جہاں دو نوجوان، یحییٰ اور اسامہ، منشیات کی اسمگلنگ اور زندہ رہنے کی جدوجہد میں مصروف دکھائے گئے ہیں۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ بجلی کی کمی، معاشی زبوں حالی اور سیاسی عدم استحکام کے باوجود وہ بہتر زندگی کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔

فلم کے ایک منظر میں پروڈیوسر کا جملہ غزہ میں ہمارے پاس اسپیشل ایفیکٹس نہیں، لیکن لائیو گولیاں ضرور ہیں غزہ کی تلخ حقیقت کو عیاں کرتا ہے۔ ناقدین نے ’ونس اپن اے ٹائم اِن غزہ‘ کو سراہا ہے اور اسے غزہ کی موجودہ صورت حال کی ایک مؤثر عکاسی قرار دیا ہے۔ ناصر برادران کی یہ فلم بین الاقوامی سطح پر فلسطینیوں کی جدوجہد اور ان کے جذبات کو اجاگر کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔

واضح رہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت نے فلسطینی سرزمین کے ایک بڑے حصے کو ملبے میں بدل دیا ہے اور اب تک اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 53 ہزار 486 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More