اریبہ حبیب کا شادی سے متعلق تہلکہ خیز انکشاف

سچ ٹی وی  |  May 23, 2025

ماڈل و اداکارہ اریبہ حبیب نے کہا ہے کہ لڑکیوں کو کیریئر بنانے کے چکر میں شادی کرنے میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے، انہیں جب بھی لڑکا پسند آئے، وہ رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں۔

اریبہ حبیب نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔ پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ انہیں بچپن سے اداکاری کا شوق تھا لیکن انہوں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ وہ شوبز میں آئیں گی۔

ان کے مطابق اہل خانہ کےساتھ ایک تقریب میں شرکت کے وقت انہیں فریحہ الطاف نے دیکھتے ہی پسند کرلیا اور انہوں نے ماڈلنگ کی پیش کش کردی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ خاندانی تقریب میں ہی فریحہ الطاف نے ان کا آڈیشن لیا، ان سے واک کرنے کا کہا اور ان سے کچھ سوالات کرنے کے بعد انہیں ماڈلنگ کے لیے منتخب کرلیا۔

کم اداکاری کرنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ماڈلنگ میں زیادہ وقت گزارا، انہوں نے جتنا کام کرنا تھا، کرلیا، اب وہ صرف اچھے کرداروں کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں، اس لیے وہ ڈراموں میں کم نظر آتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب شادی ہوجانے کے بعد ویسے بھی وہ اسکرین پر کم نظر آنا چاہتی ہیں، تاہم وہ ہمیشہ اچھے کرداروں کے لیے کام کرتی رہیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ شادی سے قبل ہی شوہر سے دوستی ہوگئی تھی اور ان کے دو سال تک تعلقات رہے تھے، جس کے بعد انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔

اریبہ حبیب کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر جرمنی میں رہتے تھے، ان کا رابطہ مشترکہ دوستوں کے ذریعے ہوا، پھر ان میں دوستی ہوئی جو بعد میں شادی میں تبدیل ہوئی۔ اداکارہ کے مطابق اگرچہ ان کی شادی کو تین سال ہوئے ہیں لیکن ان کے اور ان کے شوہر کے تعلق اور رشتے کو پانچ سال ہوچکے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں اداکارہ نے نوجوان لڑکیوں کو جلد شادی کرنے کا مشورہ بھی دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لڑکیاں کام کر رہی ہیں، انہیں یہ بہانے نہیں کرنے چاہیے کہ ابھی وقت نہیں، ابھی کام کر رہی ہیں، بعد میں شادی کریں گی۔ اریبہ حبیب کے مطابق لڑکیوں کو کیریئر بنانے کے چکر میں شادی میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے اور لڑکا پسند آجانے پر شادی کرلینی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ شادی سے قبل لڑکیوں کو یہ دیکھنا چاہیے کہ لڑکا اپنے اہل خانہ کی عزت کرتا ہے تو اس کا مطلب ہوا کہ وہ بیوی اور اس کے خاندان والوں کی بھی عزت کرے گا، اس لیے انہیں شادی کرنے میں دیر نہیں کرنی چاہیے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More