برطانیہ میں مقیم ایشیائی باشندوں سے متعلق خبروں کی کوریج کرنے والے ہفت روزہ اخبار ’ایسٹرن آئی‘ نے ایشیا کی ٹاپ 50 مشہور شخصیات کی فہرست جاری کی ہے۔
برطانوی اشاعت کی جانب سے جاری ہونے والی اس فہرست کے 2024 کے ایڈیشن میں سنیما، ٹیلی وژن، موسیقی، فنون اور ادب کی دنیا سے تعلق رکھنے والی بین الاقوامی شخصیات کا نام شامل کیا گیا ہے جس میں 6 پاکستانی فنکاروں نے بھی جگہ بنائی ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ پاکستانی مشہور شخصیات اپنی بے پناہ صلاحیتوں اور محنت سے بین الاقوامی سطح پر دھوم مچا رہے ہیں۔
گلوکاری، اداکاری اور فلم سازی سمیت ہر شعبے میں مشہور شخصیات نے مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اب انہوں نے اپنی نمایاں خدمات سے عالمی سطح پر نا صرف اپنی پہچان بنائی ہے بلکہ ملک و قوم کا سر بھی فخر سے بلند کیا ہے۔
رواں سال جن 5 پاکستانی اور 3 پاکستان نژاد فنکاروں نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے ان میں اداکارہ ہانیہ عامر، فہد مصطفیٰ، سجل علی، عاطف اسلم، حبا بخاری، عروج آفتاب، رز احمد اور زین ملک شامل ہیں۔
ایسٹرن آئی کی جانب سے ٹاپ 50 ایشیائی فنکاروں کی فہرست میں 48 ویں نمبر پر اداکارہ سجل علی، 41 ویں نمبر پر عاطف اسلم، 37 ویں نمبر پر حبا بخاری، 33 ویں نمبر پر پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب، 23 ویں نمبر پر اداکار فہد مصطفیٰ 21 ویں نمبر پر پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک، 11ویں نمبر پر پاکستان نژاد برطانوی اداکار رز احمد جبکہ 9 ویں نمبر پر اداکارہ ہانیہ عامر براجمان ہیں۔
یہاں توجہ طلب بات یہ ہے اس فہرست میں بالی ووڈ کی کئی مشہور شخصیات بھی شامل ہیں جن میں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، کارتک آریان، پربھاس، اداکارہ عالیہ بھٹ سمیت دیگر شامل ہیں۔
بالی ووڈ کی ان شخصیات کو اداکار فہد مصطفیٰ اور پاکستانی ڈمپل کوئین اداکارہ ہانیہ عامر نے مقبولیت میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔