پنجاب میں ایک ہفتے کے دوران تجاوزات ختم کرنے کا ہدف

ہم نیوز  |  Dec 18, 2024

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں ایک ہفتے کے دوران تجاوزات ختم کرنے کا ہدف دے دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ جس میں سرگودھا، خوشاب، بھکر اور میانوالی کے ڈپٹی کمشنرز نے بریفنگ دی۔ مریم نواز نے ڈپٹی کمشنرز کو کرپشن کے خلاف کارروائی اور سسٹم ڈیزائن کرنے کا ہدف دے دیا۔

مریم نواز نے پنجاب کے ہر شہر میں سرکاری اراضی پر اربن فاریسٹ بنانے اور نو ٹو پلاسٹک مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ صوبے میں میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس اپنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

پنجاب بھر میں پالت وکتوں کو کالر پہنانا لازمی قرار دیا گیا۔ جبکہ خلاف ورزی پر جرمانہ عائد ہو گا۔ پنجاب میں پالتو کتوں کی ویکسی نیشن اور رجسٹریشن کا نظام بھی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

صوبے میں سڑکوں پر بائیک لین مقرر اور چھوٹی دیوار سے الگ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ جبکہ بائیک سوار کے لیے ہیلمٹ، بیک لائٹ اور انڈیکیٹر کی پابندی کو بھی لازمی قرار دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے اسکولوں کے سامنے بچوں کے لیے زبیرا کراسنگ بنانے، جگہ جگہ نظر آنے والی خیمہ بستیاں متبادل مقامات پر منتقل کرنے اور سنگل لائن ریڑھی بازار کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ منظور ڈیزائن اور جگہ کے علاوہ کسی مقام پر ریڑھیاں نظر نہیں آنی چاہئیں۔

مریم نواز نے بس اسٹینڈز کی صفائی، پنکھے، صاف پانی کی فراہمی اور بہترین نشست گاہ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر کے بس اسٹاپ اور لاری اڈوں کو ماڈل بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں تیز رفتاری سے انڈر پاس کی تعمیر کا نیا ریکارڈ

پنجاب میں اسپتالوں کے ایم ایس کی پرفارمنس مانیٹرنگ ڈی سی اور اے سیز کے سپرد کر دی گئیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سرگودھا میں جامع صفائی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے پنجاب میں کنٹرول ریٹ پر کھاد کی فراہمی یقینی بنانے پر ٹیم کو شاباش دی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر میں گورننس کی ایکسی لینس نظر آنی چاہیے۔ اور ڈی سی اپنی چھت اپنا گھر کے تحت بننے والے مکانوں کی مانیٹرنگ کریں۔ پنجاب کے ہر شہر میں واٹرفلٹریشن پلانٹس فنکشنل ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ جعلی ادویات بیچنے اور بنانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اور اوور ہیڈ بریج کے نیچے گرین بیلٹ بنائے جائیں۔ جبکہ منشیات کے عادی افراد نظر نہ آئیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More