لائیو: ’غیرملکی سرمایہ کاری نکلنے کا خدشہ‘، سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی

اردو نیوز  |  Dec 19, 2024

اہم نکات

ڈی ایٹ شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

’غیرملکی سرمایہ کاری نکلنے کا خدشہ‘، سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی

کرم کے معاملے پر صوبائی حکومت اور نہ وفاقی حکومت نے سنجیدگی دکھائی ہے، گورنر خیبر پختونخوا

عمران خان کی ویڈیو لنک پر پیشی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار

 

آج جمعرات کے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست مندی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں ساڑھے چار ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کے مطابق غیرملکی سرمایہ کاری کے انخلا کے خدشات اس گراوٹ کی اہم وجہ ہے۔

پی ایس ایکس 100 انڈیکس 4 ہزار 795 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

یہ گراوٹ سرمایہ کاروں کے لیے تشویش کا باعث بن رہی ہے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں استحکام کے لیے مؤثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

حکومت سے فی الحال مذاکرات نہیں ہو رہے، بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ان کے حکومت سے فی الحال مذاکرات نہیں ہو رہے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بات چیت کے لیے کمیٹی ضروری بنائی ہے، لیکن حکومت سے مذاکرات نہیں ہو رہے۔

ان کا کہنا تھا مذاکرات کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی کو جواب دیں گے۔

بدھ کو سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے لیے ثالثی کی پیشکش کی تھی۔

نوجوان توانائی، نئے خیالات، اور تخلیقی صلاحیتوں سے بھرپور ہیں: شہباز شریف کا ڈی ایٹ اجلاس سے خطاب

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ترقی پذیر ممالک کی تنظیم ڈی ایٹ کے گیارہویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈی ایٹ رکن ممالک کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

جمعرات کو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان توانائی، نئے خیالات، اور تخلیقی صلاحیتوں سے بھرپور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گیارہواں ڈی ایٹ سمٹ ایس ایم ایز کے حوالے سے اشتراک کا ایک نادر موقع ہے۔

’مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہماری کابینہ نے ڈی ایٹ رکن ممالک کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے کے ساتھ ساتھ اس کے پروٹوکول کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے۔‘

عمران خان کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹ، گلوکار سلمان احمد کی بنیادی رکنیت ختم

سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹیں کرنے پر گلوکار سلمان احمد کی پارٹی سے بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی۔

جمعرات کو پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سلمان احمد کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ سمیت پارٹی کے خلاف بیان بازی پر رکنیت ختم کی گئی۔

پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ سلمان احمد کسی طور پر پارٹی کی اب نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔

چیمپئنز ٹرافی سمیت 2027 تک پاکستان انڈیا میچز کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق

عرفان احمد، اردو نیوز اسلام آباد

آئی سی سی نے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈین کرکٹ بورڈز کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق ہو گیا ہے۔

ہائبرڈ ماڈل کے تحت آٹھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں انڈیا کے میچز  نیوٹرل مقام پر ہوں گے۔ اس کے بدلے میں انڈیا کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کے انڈیا کے ساتھ میچز بھی نیوٹرل مقامات پر ہوں گے۔

مزید تفصیل کے لیے اس لنک پر کلک کریں

شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان او ر بنگلہ دیش نے دو طرفہ تعلقات میں حالیہ مثبت پیشرفت اور بڑھتے ہوئے اعلٰی سطح کے رابطوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس کے مابین ڈی ایٹ سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم نے پاکستانی ویزا کے درخواست دہندگان کے لیے اضافی کلیئرنس کی شرط ختم کرنے پر بنگلہ دیش کا شکریہ بھی ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے عوام سے عوام کے رابطوں اور ثقافتی تبادلوں کی اہمیت کو تسلیم کیا۔

’پاڑہ چنار کا روڈ کھول نہیں سکتے، صوبائی حکومت کو مستعفی ہونا چاہیے‘

 

خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے اور ضلع کرم کے معاملے پر نہ صوبائی حکومت اور نہ وفاقی حکومت نے سنجیدگی دکھائی ہے۔

جمعرات کو پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج پختونوا پر مشکل وقت ہے لیکن وفاقی اور صوبائی حکومت خواب خرگوش کی نیند سو رہی ہے۔

’میں تو کہتا ہوں کہ صوبائی حکومت کو مستعفی ہونا چاہیے، کہ آج وہ اس ضلعے اور صوبے کا امن تباہ کر گئے ہیں اور امن بحال نہیں کر سکتے۔ پاڑہ چنار کا روڈ نہیں کھول سکتے ہیں، تو اب آگے کیا کریں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا اسلام آباد جا کر اپنا رونا روتے ہیں، اور صوبے کی حالت پر بات نہیں کرتے۔’ہمارے لوگ مر رہے ہیں اور ہماری حکومتیں خاموش ہیں۔‘

وزرا کی عدم موجودگی پر پیپلز پارٹی کا قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ

 

قومی اسمبلی اجلاس میں وزرا کی عدم موجودگی اور سوالات کے غیر تسلی بخش جوابات پر پیپلز پارٹی نے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا۔

جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں ن لیگ کے سینیئر رہنما حنیف عباسی نے بھی وزرا کے غیر تسلی بخش جوابات پر اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔

ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے سینیئر رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے پارلیمانی سیکریٹریز کے جواب پر عدم اطمینان اور وزرا کی عدم موجودگی پر اعتراض اٹھایا۔

انہوں نے کہا  کہ ’وزرا کو بلینک چیک دے دیا ہے کہ ان کے آنے کی کوئی ضرورت نہیں، پارلیمانی سیکریٹریز بھی تسلی بخش جواب نہیں دے رہے۔‘

ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ کا کہنا تھا کہ ’ہم نے وزرا کی غیر حاضری پر وزیراعظم کو خط لکھا ہے، اس کا حل جلد نکال لیا جائے گا۔‘

بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔

’کرکٹ میں سیاست کے خلاف ہوں، یہ کھیل ہے جس سے شائقین محبت کرتے ہیں‘

 

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے ہر لحاظ سے تیار ہیں۔

جمعرات کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت گورننگ بورڈ کا 76 واں اجلاس ہوا جس میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب میں محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف کو ہر کسی نے سراہا ہے۔

’چیمپئنز  ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان کی عزت ہے۔ کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’کرکٹ میں  سیاست کے خلاف ہوں۔ یہ کھیل ہے جس سے کروڑوں شائقین محبت کرتے ہیں۔‘

بہاولپور میں اولمپئن سمیع اللہ خان کے یادگاری مجسمہ سے حفاظتی جنگلہ چوری، مقدمہ درج

ادیب یوسفزئی، اردو نیوز لاہور

صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپور میں سابق اولمپئن سمیع اللہ خان کے یادگاری مجسمے سے حفاظتی جنگلہ چوری ہو گیا ہے۔

پولیس تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کرکے نامعلوم چور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

تین سال قبل بھی سابق اولمپئن سمیع اللہ خان کے مجسمہ سے بال اور ہاکی چوری کر لی گئی تھی۔

اس مرتبہ قومی ہاکی پلیئر سمیع اللہ خان کے مجسمہ کا حفاظتی جنگلہ بھی چوری کر لیا گیا۔

ہے۔ جنگلا چوری کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی۔

خاتون سٹاف کو ہراساں کرنے پر وائس چانسلر کو پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ

بشیر چوہدری، اردو نیوز اسلام آباد

وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت فوزیہ وقار نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) کے وائس چانسلر کو صنفی امتیازی سلوک برتنے پر خاتون سٹاف کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

عنبرین قیوم نے ڈاکٹر ندیم الحق کے خلاف وفاقی محتسب کے پاس باضابطہ شکایت درج کروائی تھی جس میں انہوں نے ’اختیار کے غلط استعمال، دشمنانہ ماحول پیدا کرنے، اور اندرونی مواصلات اور سوشل میڈیا کے ذریعے بدنام کرنے کے الزامات عائد کیے۔‘

کیس کے دوران، ڈاکٹر ندیم الحق نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر خواتین کے خلاف توہین آمیز بیانات دیے، جس میں کہا گیا کہ کام کرنے والی خواتین ہراسیت کے قانون کو اپنی ذمہ داریوں سے بچنے کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔

تحقیقات کے بعد، محتسب نے یہ طے کیا کہ ڈاکٹر ندیم الحق کے اقدامات ملازمت کی جگہ پر صنفی ہراسیت کے قوانین کی خلاف ورزی ہیں، جس کے نتیجے میں مالی جرمانہ عائد کیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی ویڈیو لنک پر پیشی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا

لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔

جمعرات کو جسٹس طارق سلیم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے تفصیلی تحریری فیصلہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق اس معاملے کو کابینہ کے سامنے پیش کیا جاتا۔

’ہوم ڈیپارٹمنٹ نے کابینہ کی منظوری کے بغیر ویڈیو لنک پر پیش کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔‘

فیصلے کے مطابق دہشت گردی کے قوانین کے تحت انفرادی طور پر اس کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جا سکتا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اے ٹی اے کے تحت جرائم انتہائی خطرناک ہوتے ہیں، مگر آئین ملزمان کے بنیادی حقوق کی بات کرتا ہے۔‘

میزائل پروگرام پر پابندی کا امریکی فیصلہ متعصبانہ ہے: پاکستان

پاکستان کے دفتر خارجہ نے میزائل پروگرام میں مبینہ معاونت پر چار اداروں پر پابندیاں عائد کرنے کے امریکی فیصلے کو افسوسناک اور متعصبانہ قرار دیا ہے۔

 امریکہ نے پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل پروگرام میں شامل چار اداروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

ان اداروں میں اسلام آباد کا قومی ترقیاتی کمپلیکس (این ڈی سی) اور کراچی میں قائم تین نجی کمرشل ادارے شامل ہیں۔

مزید تفصیل کے لیے اس لنک پر کلک کریں

وزیراعظم شہباز شریف کی قاہرہ میں ڈی ایٹ سربراہی اجلاس میں شرکت

 

وزیراعظم شہباز شریف آج مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ڈی ایٹ سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے۔

پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ شامل ہیں۔

وزیراعظم غزہ اور لبنان میں انسانی بحران اور تعمیر نو کے چیلنجز پر ڈی ایٹ کے خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی انڈونیشیا کے صدر، بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر، ایران کے صدر، ترکیہ کے صدر اور مصر کے صدر سے دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔

’پی ٹی آئی دوبارہ اقتدار میں آئی تو افغانستان کے ساتھ مزید تعلقات کو فروغ دے گی‘

صالح سفیر عباسی، اردو نیوز اسلام آباد

 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسلام آباد میں افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسد قیصر نے کہا کہ ’پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، ثقافت اور ہمسائیگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ افغانستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری اور تجارت کے فروغ پر زور دیا ہے۔ ’تحریک انصاف دوبارہ اقتدار میں آئی تو وہ افغانستان کے ساتھ مزید تعلقات کو فروغ دے گی۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More