ترجمان ایف آئی اے نے جمعرات کو بتایا کہ مقدمے میں عبدالرؤف، عباس ذوالفقار اور قمر الزمان نامی انسانی سمگلروں کو نامزد کیا گیا ہے۔’غفلت برتنے پر ایف آئی اے کے 2 افسران کو گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار ملزمان میں انسپیکٹر زبیر اشرف اور سب انسپیکٹر شاہد عمران شامل ہیں۔‘ترجمان نے بتایا کہ ’دونوں گرفتار ملزمان فیصل آباد ایئرپورٹ پر بطور شفٹ انچارج تعینات تھے۔دونوں نے دوران ڈیوٹی مسافروں کی سکریننگ کے عمل میں غفلت کا مظاہرہ کیا۔‘واضح رہے کہ یونان کشتی حادثے میں مرنے والے 18 افراد نے فیصل آباد ایئرپورٹ سے بیرون ملک سفر کیا تھا۔وزیراعظم شہباز شریف کی قاہرہ میں غیر ملکی سربراہوں سے ملاقاتوزیراعظم شہباز شریف نے قاہرہ میں ڈی ایٹ سربراہی اجلاس کے موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ’پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور کثیرالجہتی تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کو آئی ٹی، زراعت اور گرین ٹیکنالوجی کے نئے شعبوں میں اقتصادی تعاون بڑھانا چاہیے۔‘دونوں رہنماؤں نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان پانچ ارب ڈالر کے دو طرفہ تجارتی ہدف کے حصول کے لیے اقتصادی تعلقات کے مزید فروغ پر زور دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے قاہرہ میں ڈی ایٹ کے سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائن پر ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص دوطرفہ تجارت، معیشت، توانائی، سلامتی اور علاقائی روابط کے حوالے سے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔