اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف محاذ آرائی ملک دشمنی ہے۔ ورلڈ بینک کے طویل المدتی فریم ورک سے معیشت مستحکم ہو گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے بھرپور آواز اٹھائی۔ اور اللہ کرے یہ جنگ بندی مستقل جنگ بندی میں تبدیل ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ کے دوران 50 ہزار فلسطینی شہید ہوئے۔ تاہم فلسطین کی تعمیرو ترقی میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
گوادر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن شروع ہوا۔ اور گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پاکستان کی معیشت کو فائدہ ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: عدلیہ سے درخواست ہے ہمارے معاملات میں مداخلت نہ کرے، وفاقی وزیر قانون
شہباز شریف نے کہا کہ چین کے تعاون سے 230 ملین ڈالر کی لاگت سے منصوبہ مکمل ہوا۔ اور ورلڈ بینک کے طویل المدتی فریم ورک سے معیشت مستحکم ہو گی۔ چین نے اپنے وسائل سے پاکستان کو گوادر ایئرپورٹ کا تحفہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف محاذ آرائی ملک دشمنی ہے۔ آئی ٹی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اور آئی ٹی سیکٹر پر توجہ دینے سے برآمدات مزید بڑھیں گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف قوم قربانیاں دے رہی ہے۔ جبکہ بدامنی پھیلانے والے بلوچستان کے بھی خیرخواہ نہیں ہیں۔ پاکستان کے معاشی اشارے خوش آئند ہیں۔