جنید اکبر بلا مقابلہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی منتخب

سچ ٹی وی  |  Jan 24, 2025

حکومت اور اپوزیشن کی اتفاق رائے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن جنید اکبر خان کو قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین منتخب کردیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ خان اور قاسم نون نے جنید اکبر کے نام کی تائید کردی۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس اسپیشل سیکریٹری محمد مشتاق کی زیر صدارت ہوا جہاں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنید اکبر کا نام چیئرمین کے لیے تجویز کردیا۔۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ خان اور قاسم نون نے جنید اکبر کے نام کی تائید کردی۔

پی ٹی آئی کے ریاض فتیانہ نے بھی جنید اکبر کے نام کی تائید کی، جس کے بعد جنید اکبرخان کو بلا مقابلہ چیئرمین پی اے سی منتخب کیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے تمام اراکین نےجنید اکبر کے نام کی تائید کی اور پی ٹی آئی کی جانب سے قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور شبلی فراز نے بھی جنید اکبر کا نام تجویز کیا۔

جنید اکبر خان نے کہا کہ تمام اراکین کا شکر گزار ہوں، ہماری خواہش تھی شیخ وقاص اکرم چیئرمین پی اے سی بنیں، 11سال رکن اسمبلی رہا مگر پی اے سی کا تجربہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساتھی اراکین کے ساتھ بہتر انداز میں ذمہ داریاں نبھانے کی کوشش کروں گا۔

قبل ازیں حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے نام پر اتفاق ہوگیا، فریقین شیخ وقاص اکرم کے بجائے جنید اکبر کے نام پر متفق ہوگئے۔

چیئرمین پی اے سی کے لیے پی ٹی آئی نے نئے ناموں کا پینل تیار کرلیا جس میں سے تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا نام نکال دیا گیا اور ان کی جگہ عادل بازئی کا نام پینل میں شامل کیا گیا ہے۔

تاہم ذرائع نے چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے حوالے سے بتایا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان جنید  اکبر خان کے نام پر اتفاق ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن کو چیئرمین پی اے سی کے انتخاب کے حوالے سے آگاہ کیا اور پی اے سی کے ممبران کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

حتمی مشاورت مکمل ہونے کے بعد پی اے سی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کا انتخاب ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر چیمبر میں حکومتی چیف وہپ اور اسپیکر قومی اسمبلی کے درمیان ملاقات جاری ہے اور دیگر ممبران بھی ملاقات میں موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی اے سی کے اجلاس کے لیے کمیٹی روم نمبر 2 میں انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More