وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق شہبازشریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھا ہے، اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔
رپورت کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے بھی اپنے نئے امریکی ہم منصب کو مبارکباد دی ہے۔
واضح رہے کہ 20 جنوری کو ڈونلڈ ٹرمپ نے بطور امریکی صدر دوسری مدت کے لیے حلف اٹھالیا تھا، انہوں نے خطاب میں امیگریشن قوانین، گرین پالیسی کے خاتمے، خام تیل کی پیداوار بڑھانے اور دیگر ممالک پر ٹیکس و ٹیرف عائد کرنے سمیت دیگر اقدامات کا اعلان کیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا میں سنہرے دور کا آج سے آغاز ہو گیا ہے، آج سے ہمارا ملک ترقی کی نئی منازل طے کرے گا، اور دنیا بھر میں دوبارہ اس کی عزت کرائی جائے گی۔
حلف اٹھانے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی جانب ہجرت کو روکنے، ماحولیاتی قوانین، نسلی اور صنفی تنوع کے اقدامات کو واپس لینے کے لیے متعدد انتظامی اقدامات پر دستخط کیے، اور حکم نامے جاری کیے تھے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حکم نامے میں 4 سال قبل کیپیٹل پر حملہ کرنے والے اپنے تقریباً 1500 حامیوں کو معاف کر دیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ ’پیدائش پر شہریت‘ کے حق کو منسوخ کرنے کا اعلان بھی کیا تھا، جس کے تحت امریکا میں پیدا ہونے والے ہر بچے کو وہاں کا شہری مانا جاتا ہے۔