اداکار سیف علی خان کے چاقو لگنے سے زخمی ہونے پر شک ہے، انڈین وزیر

اردو نیوز  |  Jan 26, 2025

انڈین فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سیف علی خان اپنے گھر پر ایک حملے میں زخمی ہوئے، ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق اُن کو چاقو کے وار سے چھ زخم آئے جن میں سے ایک ریڑھ کی ہڈی کے قریب تھا مگر ریاست مہاراشٹر کے وزیر برائے پورٹس نتیش رانے کہتے ہیں کہ اُن کو یقین نہیں کہ بالی وڈ سٹار پر چھرے سے وار کیے گئے۔

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق ریاستی وزیر نے 54 سالہ اداکار کے ہسپتال سے ڈسچارج ہو کر گھر پہنچنے کے اگلے دن ریمارکس دیے کہ سیف علی خان چل رہے تھے یا ڈانس کر رہے تھے۔ ’مجھے یقین نہیں کہ اُن پر چاقو سے وار کیے گئے، یا وہ اداکاری کر رہے تھے۔‘

بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر کا کہنا تھا کہ ’یہ دیکھیں بنگلہ دیشی ممبئی میں کیا کر رہے ہیں۔ وہ سیف علی خان کے گھر میں داخل ہو گئے۔ پہلے یہ لوگ چوراہوں پر کھڑے ہوتے تھے۔ اب یہ گھروں میں گھس رہے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ وہ ان (سیف علی خان) کو ساتھ لے جانے آیا ہو۔ بہتر ہے کہ اس کچرے کو لے جایا جائے۔‘

نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق ریاستی وزیر نے کہا کہ ’جب میں نے اُن کو ہسپتال سے باہر آتے دیکھا تو مجھے شک ہوا کہ چاقو کا وار سے زخمی ہوئے تھے یا اداکاری کر رہے تھے۔‘

بی جے پی کے رہنما نے اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنماؤں جیتندر اوہاد اور سپریا سولی پر بھی الزام لگایا اور کہا کہ یہ لوگ صرف اُسی وقت تشویش کا شکار ہوتے ہیں جب ’شاہ رخ خان اور سیف علی خان جیسے کسی خان کو تکلیف پہنچتی ہے۔‘

نتیش رانے نے کہا کہ ’جب سشانت سنگھ راجپوت جیسے ہندو اداکار کے ساتھ کچھ ہوتا ہے تو کوئی بھی اُس کے حق میں بولنے کے لیے آگے نہیں آتا۔‘

وزیر برائے پورٹس کے بیان پر ردعمل میں ڈپٹی وزیراعلٰی اجیت پوار نے کہا کہ ’مجھے علم نہیں کہ انہوں کیا کہا ہے مگر اُن کے ذہن میں کچھ ہے تو وہ محکمہ داخلہ کو بتا سکتے ہیں۔‘

ممبئی پولیس ریاست کے محکمہ داخلہ کو رپورٹ کرتی ہے اور اس وزارت کا چارج وزیراعلٰی کے پاس ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’اس وقت سچ یہ ہے کہ حملہ آور گرفتار کیا جا چکا ہے۔ وہ شخص بنگلہ دیش سے آیا۔ ہر کسی کے لیے ممبئی میں ایک کشش ہے۔‘

اجیت پوار نے کہا کہ ’ممبئی کی سیر کے بعد وہ شخص بنگلہ دیش واپس جانا چاہتا تھا اور اُس کو رقم کی ضرورت تھی۔‘

انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ سیف علی خان پر حملہ کرنے والے نوجوان کو واپس اپنے ملک جانے کا ٹکٹ خریدنے کے لیے چوری کرنا پڑی ہوگی۔

ڈپٹی وزیراعلٰی نے کہا کہ ’گزشتہ روز جب سیف علی خان ہسپتال سے گھر واپس جا رہے تھے تو اُن کے کپڑوں کو دیکھ یہ اندازہ کرنا مشکل تھا کہ اُن پر چند دن قبل حملہ ہوا تھا۔ لیکن ایسا سچ میں ہوا تھا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More