ٹک ٹاک ٹریول کانٹینٹ کرئیٹر کے لیے پاکستان کے پانچ ٹک ٹاکر نامزد کیے گئے ہیں جن میں ابرار حسن، ذونیر، لئیق عباس، زینت عرفان اور آصف عاشور شامل ہیں۔ٹک ٹاک کریئیٹر آف دی ایئر کے لیے پہلی بار گلگت بلتستان سے دو کریئیٹرز نامزد ہوئے ہیں۔ آصف عاشور کا تعلق بلتستان جب کہ لئیق عباس کا تعلق گلگت سے ہے اور دونوں کی ہی نامزدگی ٹریول کریئیٹر آف دی ایئر کیٹیگری میں ہوئی ہے۔
آصف عاشور اور لئیق عباس ٹریول وی لاگز اور ویڈیوز کے ذریعے گلگت بلتستان کی خوب صورتی کو منفرد انداز میں دنیا کو دکھا رہے ہیں۔ٹک ٹاکر کریئیٹر اف دی ایئر کے لیے نامزد ہونے والے آصف عاشور نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ٹریول کیٹیگری میں نامزد ہونا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور وہ پرامید ہیں کہ صارفین کی ووٹنگ سے وہ کامیاب ہو جائیں گے۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’میں پاکستان کا واحد کانٹینٹ کریئیٹر ہوں جو بلند و بالا چوٹیوں پر جاکر ویڈیو بناتا ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ اس قدر اونچائی پر جاکر کسی اور نے کانٹینٹ تخلیق کیا ہوگا۔‘آصف عاشور کے مطابق وہ ٹک ٹاک پر دنیا کو گلگت بلتستان کے دلفریب مقامات اور خطے کی منفرد ثقافت دکھا چکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’میں نے اپنے ہر کانٹینٹ میں اپنے علاقے کا مثبت چہرہ دکھایا ہے تاکہ سیاحت کو فروغ مل سکے۔‘آصف عاشور نے بتایا کہ ’میرا مقابلہ پاکستان کے معروف ٹک ٹاکرز سے ہے لیکن خوشی ہوئی کہ میرا نام بھی اس فہرست میں شامل ہے۔‘انہوں نے حوصلہ افزائی کرنے پر ٹک ٹاک پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں ٹک ٹاکرز کو گلگت بلتستان کی خوب صورت اُجاگر کرنے پر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے (فائل فوٹو: وِکی پیڈیا)
گلگت بلتستان کے ٹور گائیڈ نذر حسین نے دونوں نوجوانوں کی نامزدگی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ’گلگت بلتستان کی خوب صورتی دکھانے میں ٹک ٹاک کریئیٹرز کا کردار سب سے زیادہ ہے۔ دنیا کے وی لاگرز انہی کانٹینٹ کریئیٹر کی ویڈیوز دیکھ کر گلگت بلتستان کا رخ کرتے ہیں۔‘ان کا مزید کہنا ہے کہ ’امید ہے ٹریول کیٹیگری کا ایوارڈ گلگت بلتستان کے نام رہے گا۔‘ٹک ٹاک کریئیٹر آف دی ایئر ایواڈ کے لیے ووٹنگ کا طریقۂ کار آصف عاشور نے کہا کہ ’حتمی انتخاب کے لیے صارفین کی ووٹنگ ہوگی جس کو زیادہ ووٹ مل گئے وہ ٹک ٹاکر کامیاب قرار دیا جائے گا۔‘انہوں نے بتایا کہ ’ٹک ٹاک پر ایوارڈ ووٹنگ کا آپشن موجود ہے جس پر اپنے پسندیدہ کریئیٹر کو ووٹ دے کر اسے کامیاب کیا جاسکتا ہے۔‘واضح رہے کہ ٹک ٹاک کریئیٹر آف دی ایئر ایوارڈ ہر سال لاہور میں منعقد کیا جاتا ہے جس میں تمام کیٹیگریز کے لیے کریئیٹرز نامزد کیے جاتے ہیں اور فاتح ٹک ٹاکر کو ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔