ترکیہ کے صدر کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر استقبال، یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط

اردو نیوز  |  Feb 13, 2025

ترکیہ  کے صدر رجب طیب اردوغان کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا اور مسلح افواج کے دستوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ فضائیہ کے طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں منعقد تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

اس سے قبل ترک صدر نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں درخت لگایا۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ترکی کے صدر طیب اردوغان دو طرفہ ملاقات کے بعد دونوں رہنما اعلٰی سطح کی سٹریٹیجک کونسل کے اجلاس میں اپنے اپنے وفود کی قیادت بھی کریں گے۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔

اسلام آباد پہنچنے پر ترک صدر کے استقبال کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر اردوغان پاکستان ترکیہ ہائی لیول سٹریٹجک تعاون کونسل کے اجلاس کی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مشترکہ سربراہی کریں گے جس کا فوکس دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور دوسرے ترجیحی سیکٹرز ہوں گے۔ 

’پاکستان، ترکیہ ہائی لیول کواپریشن کونسل‘ کا قیام 2009 عمل میں لایا گیا تھا۔

اس کونسل کے تحت کئی مشترکہ قائمہ کمیٹیاں اہم سکیٹرز بشمول تجارت، سرمایہ کاری، بینکنگ، فنانس، ثقافت، سیاحت، توانائی، دفاع، زراعت اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی نگرانی کرتے ہیں۔

کونسل کے قیام کے بعد سے اب تک اس کے چھ سیشن ہوچکے ہیں۔ کونسل کا آخری اجلاس 2020 میں اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔

دفتر خارجہ کے مطابق سیشن کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر اردوغان صدر زرداری سے ملاقات کریں گے اور پاکستان ترکیہ بزنس اینڈ انوسٹمنٹ فورم سے  بھی خطاب کریں گے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More