اسلام آباد کے گیسٹ ہاؤس سے نیب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کی لاش برآمد

اردو نیوز  |  Feb 24, 2025

اسلام آباد کے ایک گیسٹ ہاؤس سے نیب کے ایک اعلیٰ افسر کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

تھانہ آبپارہ کے ڈیوٹی افسر اے ایس آئی عمران کے مطابق پولیس کو اتوار کی دوپہر کو اس حوالے سے اطلاع ملی تھی۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش ہسپتال منتقل کر دی۔

محمد عمران کے مطابق اس وقت نیب افسر کی لاش کا پوسٹ مارٹم پولی کلینک ہسپتال میں کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی پولیس کے اعلی حکام اس کیس کے حوالے سے مکمل تفصیلات بتائیں گے۔

دوسری جانب مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جی سکس فور کے گیسٹ ہاؤس سے برآمد ہونے والی لاش کی شناخت نیب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر وقاص احمد خان کے طور پر ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق وقاص احمد خان کا کمرہ اندر سے لاک تھا اور ان کے جسم پر بظاہرکوئی نشان موجود نہیں ہے۔

پولیس کے مطابق نیب کے گریڈ 19 کے آفیسر وقاص احمد خان لاہورکے رہائشی تھے۔

رپورٹس کے مطابق وقاص احمد  ماضی میں اوگرا کیس کے تفتیشی افسر کے طور پر خدمات انجام دے چکے تھے۔

وقاص احمد تومختلف ہائی پروفائل مقدمات سے منسلک رہے تھے۔ وہ سٹیل مل سکینڈل کی تفتیشی ٹیم کا بھی حصہ رہے اور اوگرا سکینڈل کی تحقیقات بھی کی تھیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق وہ توقیرصادق کو گرفتارکرنے والی ٹیم کا حصہ بھی تھے۔

اس وقت وہ ایڈیشنل ڈائریکٹر کے طور پر ہیڈ آفس میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More