لائیو: دفاع، تجارت اور توانائی میں دو طرفہ تعاون، وزیرِاعظم باکو میں

اردو نیوز  |  Feb 24, 2025

اہم نکاتوزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کریں گے

پاکستان بار کونسل کے نمائندے اختر حسین جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے مستعفی

چیمپئنز ٹرافی کا میچ، لا اینڈ آرڈر کے پیش نظر سری نگر ہائی وے بند

حکومت پاکستان کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف اتوار کو دو روزہ دورے پر آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچے ہیں جہاں وہ دفاع، تجارت اور توانائی جیسے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پیر کو آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملنے زوولبا محل جائیں گے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

بعدازاں وزیرِاعظم اور آذربائیجان کے صدر کے مابین دوطرفہ ملاقات اور وفود کی سطح پر ملاقات ہو گی۔

شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے اور پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

شوگراں میں برف باری کے باعث راستہ بھٹکنے والے دو غیرملکی سیاح ریسکیو

صوبہ خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقام شوگراں میں شدید برف باری کے باعث راستہ بھٹکنے والے غیرملکی سیاحوں کو مانسہرہ پولیس نے 19 گھنٹے کے لگاتار سرچ آپریشن کے بعد ریسکیو کر لیا۔

شدید برفباری اور خراب موسم کے باعث دو غیرملکی سیاحوں کا پولیس سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا جس کے بعد اہلکاروں نے اعلیٰ حکام کو فوراً اطلاع دی۔

ڈی پی او مانسہرہ نے بذات خود شوگراں میں سرچ آپریشن میں حصہ لیا اور ان کی قیادت میں مانسہرہ پولیس، اسسٹینٹ کمشنر بالاکوٹ، کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، ٹوریزم پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ ریسکیو آپریشن کیا۔

سخت موسمی حالات کے باوجود 19 گھنٹوں کی مسلسل کوشش کے بعد غیرملکی سیاحوں کو بحفاظت شوگراں پہنچا دیا گیا۔ ڈی پی او مانسہرہ نے ذاتی طور پر سیاحوں کے ہمراہ سفر کرتے ہوئے انہیں محفوظ مقام تک پہنچایا۔ 

’عدالتی تقرریوں سے متعلق تنازعات‘، اختر حسین جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے مستعفی

پاکستان بار کونسل کے نمائندے اختر حسین جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

پیر کو انہوں نے اپنے استعفے میں کہا کہ ’حالیہ عدالتی تقرریوں سے متعلق تنازعات کی بنا پر میں مزید کام جاری نہیں رکھ سکتا، میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی رکنیت سے مستعفی ہوتا ہوں۔‘

’اپنے اس استعفیٰ کی نقل پاکستان بار کونسل کو ارسال کر رہا ہوں تاکہ آئین پاکستان 1973 کے تحت میری جگہ نیا نامزد رکن مقرر کیا جا سکے۔‘

لا اینڈ آرڈر کے پیش نظر سری نگر ہائی وے بند

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ لا اینڈ آرڈر کے پیش نظر سری نگر ہائی وے زیرو پوائنٹ سے سرینہ ہوٹل روڈ دونوں اطراف سے تا حکم ثانی ٹریفک کے لیے بند ہو گی۔ 

اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق ریڈ زون کے باقی تمام داخلی و خارجی راستے کھلے ہوں گے۔

’فیض آباد سے آنے والے جناح ایونیو استعمال کریں۔ کلب روڈ سے آبپارہ اور ریڈ زون والی ٹریفک فیض آباد لوپ کا استعمال کرتے ہوئے جناح ایونیو انڈر پاس سے مارگلہ روڈ استعمال کریں۔‘

بیان کے مطابق ’بہارہ کہو سے آنے والی ٹریفک کلب روڈ، فیض آباد ایکسپریس ہائی وے کا استعمال کریں۔ آبپارہ سے بہارہ کہو جانے والی ٹریفک شکر پڑیاں روڈ استعمال کریں۔‘

خیال رہے کہ آج راوپلنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اے کا میچ نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔

’آئی ایم ایف کی قسط لینا آسان، ٹیم کا اگلے مرحلہ میں جانا مشکل ہو گیا‘

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی انڈیا کے ہاتھوں شکست پر کہا ہے کہ ’آئی ایم ایف کی قسط لینا آسان، ٹیم کا اگلے مرحلہ میں جانا مشکل ہو گیا۔‘

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’بیٹنگ لائن لڑکھڑائی، بولر کپکپائے، یہ دیکھ کر سارہ مزہ کر کرا ہو گیا۔ چیئرمین پی سی بی نے جیسے سٹیڈیم بنائے ویسی ٹیم بھی بناتے۔‘

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ بہت خوشی ہوتی اگر ٹیم میچ جیتتی تو ایک کروڑ روپے انعام دیتا۔ گورنر ہاؤس میں جیسے ارشد ندیم پر انعامات کی بارش ہوئی، وہ تاریخ دہراتا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More