پاکستان اور آذربائیجان کا تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

سچ ٹی وی  |  Feb 24, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے باکو کے صدارتی محل میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے تجارت، دفاع، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، اس دوران دونوں ملکوں کے مابین متعدد معاہدوں، مفاہمت کی یاد داشتوں (ایم او یوز) پر بھی دستخط کیے گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد صدر آذربائیجان الہام علیوف نے کہا کہ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن منصوبوں پرگفتگو ہوئی انہیں ایک ماہ میں حتمی شکل دیں گے، مختلف شعبوں میں معاہدے دوطرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ باہمی مفاد کے مشترکہ منصوبوں سے دونوں ملکوں کے عوام مستفید ہوں گے، طے پانے والے معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا، اپریل میں 2 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ باہمی مفاد کے مشترکہ منصوبوں سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں گے، صدر آذربائیجان کی جانب سے کشمیری عوام کی حمایت پر شکریہ ادا کرتا ہوں، مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق عمل ہونا چاہیے، کشمیری 7 دہائیوں سے آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہیں، امن کے لیے 2 ریاستی حل ضروری ہے۔

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف تقریب میں شریک ہوئے، اس دوران ایل این جی کی خرید و فروخت کے فریم ورک معاہدے میں ترمیمی معاہدہ طے پاگیا، جس کے تحت اسٹیٹ آئل کمپنی آذربائیجان اور ایف ڈبلیو او میں مچلکے ٹھلیاں وائٹ آئل پائپ لائن منصوبےکی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

اسٹیٹ آئل کمپنی آذربائیجان اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے درمیان بھی مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے، آذربائیجان کے شہر نخ چیوان اور پاکستان کے شہر لاہور کے درمیان ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔

پی ایس او اور ایس او سی اے آرٹریڈنگ ایس اے کے درمیان مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کیے گئے، پی ایس او، ایس اوسی اےآرٹریڈنگ میں پیٹرولیم مصنوعات کی خریدوفروخت کے سمجھوتے پر بھی دستخط کیے گئے۔

صدر آذربائیجان نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں، خطے کی صورتحال اور سلامتی کے امور پر یکساں نقطہ نظر رکھتے ہیں، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بہت مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں۔

صدر الہام علیوف نے کہا کہ دفاعی پیداوار اور صنعتی شعبے میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا، دفاعی پیداوار کے شعبے میں پاکستان کا اہم مقام ہے، روابط کےفروغ اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں معاونت پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔

آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ علاقائی ترقی کے لیے مواصلاتی منصوبوں کا فروغ بہت ضروری ہے۔

اس دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر کے ساتھ انتہائی تعمیری مذاکرات ہوئے، آذربائیجان کےساتھ دوستی کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق ہے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف سطح پر تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ باہمی مفاد کے مشترکہ منصوبوں سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں گے، طے پانے والے معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا ہے، 2 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر اپریل میں اسلام آباد میں دستخط کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قریبی دوطرفہ تعلقات کو معاشی میدان میں بھی وسعت دینی ہے، دوطرفہ تعاون کے معاہدوں کی تکمیل کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

وزیر اعظم شہبازشریف کا آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کے لیے باکو میں صدارتی محل آمد پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔

باکو میں وزیراعظم شہباز شریف کو زوولبا صدارتی محل پہنچنے پرگارڈ آف آنر پیش کیا گیا، گارڈ آف آنر کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کا قومی ترانہ بجایا گیا۔

اس موقع پر آذربائیجان کےصدرالہام علیوف اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، گارڈ آف آنر کے دوران برف باری بھی جاری رہی۔

وزیراعظم کے ساتھ دورہ آذربائیجان میں نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار، وفاقی وزرا جام کمال خان، عبدالعلیم خان، چوہدری سالک حسین، عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی گئے ہیں۔

دورے کے دوران وزیرِ اعظم، آذربائیجان کے صدر کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کے علاوہ بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے شعبوں پر بات چیت ہوگی تاکہ توانائی، تجارت، دفاع، تعلیم اور موسمیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھایا جاسکے۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف گزشتہ روز 2 روزہ سرکاری دورے پر آذربائیجان پہنچے تھے، جہاں باکو آمد پر پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا تھا، ایئر پورٹ پر آذربائیجان کے اول نائب وزیراعظم اور نائب وزیرخارجہ نے وفد کا استقبال کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More