لائیو: مصطفیٰ عامر قتل کیس میں ملزم ارمغان کا مبینہ سہولت کار پولیس افسر گرفتار

اردو نیوز  |  Feb 25, 2025

اہم نکات:مصطفیٰ عامر قتل کیس میں ملزم ارمغان کا مبینہ سہولت کار پولیس افسر گرفتار

وزیراعظم شہباز شریف آج ازبکستان کا دورہ کریں گے 

ملک کے بیشتر اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان

پاکستان میں رمضان 2 مارچ سے شروع ہونے کا امکان

لاہور ہائیکورٹ میں ایک شخص نے خود کو آگ لگا لی

مستونگ میں قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بلاک کر دیا گیا

مصطفیٰ عامر قتل کیس میں ملزم ارمغان کے مبینہ سہولت کار اے ایس آئی کو کو اینٹی وائلنس کرائم سیل (اے وی سی سی) نے حراست میں لیا ہے۔

دوسری طرف اداکار ساجد حسن کے بیٹے ملزم ساحر حسن کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

ایس آئی یو نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی ہے جسمانی ریمانڈ میں پانچ روز کی توسیع کی جائے۔

عدالت نے ایس آئی یو کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد کردی اور ساحر حسن کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں رہائش پذیر 23 سالہ مصطفیٰ عامر چھ جنوری کو اچانک لاپتا ہو گئے تھے۔ اہلخانہ نے انہیں تلاش کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کوئی کامیابی نہ ملی۔ بعد ازاں ان کی جلی ہوئی گاڑی اور لاش 11 جنوری کو بلوچستان کے علاقے حب دریجی سے برآمد ہوئی۔

ملک کے بیشتر اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری

 

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

 اسلام آباد اور گردونواح میں با رش کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کے بیشتراضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ پنجاب کے چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔

مری، گلیات اور گردونوا ح میں برفباری اور مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان میں چترال اور گردو نواح میں برفباری جاری ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں ایک شخص نے خود کو آگ لگا لی

لاہور ہائیکورٹ میں انصاف کے حصول کے لیے آنے والے شحص نے خود کو آگ لگا لی۔

آصف جاوید نامی اس شخص نے نوکری کی برطرفی کے خلاف اپیل دائر کر رکھی تھی۔

پولیس اہلکار نے موقع پر آگ بھجائی اور ریسکو ٹیم نے طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔

سائل آصف جاوید کا کیس جسٹس شجاعت علی خان کی عدالت میں زیر سماعت ہے۔

 

وزیراعظم شہباز شریف آج ازبکستان کا دورہ کریں گے

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف ازبک صدر شوکت مرزیوئیف کی دعوت پر آج 25 سے 26 فروری تک ازبکستان کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ اس دورے میں تجارت، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر بھی توجہ دی جائے گی۔ توقع ہے کہ دونوں ممالک اس دورے کے دوران متعدد دو طرفہ معاہدوں پر دستخط کریں گے۔

شہباز شریف کا ازبکستان کا دورہ ان کے آذربائیجان کے دورے کے بعد ہے، جس کے دوران دونوں ممالک نے تجارت، توانائی، سیاحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

پاکستان میں رمضان 2 مارچ سے شروع ہونے کا امکان

سپارکو نے کہا ہے کہ رمضان کا چاند 28 فروری کو نظر آنا مشکل ہے اور پاکستان میں رمضان 2 مارچ سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

ترجمان سپارکو کے مطابق 28 فروری کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے اور بلندی 5 ڈگری ہو گی اور چاند کی کم بلندی اور فاصلے کی وجہ سے ہلال کا نظر آنا مشکل ہے۔

سپارکو کے مطابق شوال کا چاند 30 مارچ کو متوقع ہے، جبکہ عید الفطر 31 مارچ کو ہوسکتی ہے۔

سعودی عرب میں 28 فروری کو چاند نظر آسکتا ہے اور رمضان یکم مارچ سے شروع ہوگا۔

مستونگ میں قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بلاک کر دیا گیا

مستونگ میں لاپتا میر ظہور احمد سمالانی  کی بازیابی کے لیے نواب ہوٹل مستونگ کے مقام پر قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بلاک کر دیا گیا۔

سمالانی قومی تحریک کے مرکزی چیئرمین قبائلی رہنما نواب میر احمد چلتن وال سمالانی کے سربراہی میں روڈ پر دھرنا دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More