سوئنگ کے سلطان اور سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے اپنی طلاق کی خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا۔
شنیرا اکرم نے مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس اور انسٹاگرام اسٹوریز میں اپنی طلاق کی خبریں پھیلانے والے سوشل میڈیا پیج کو آڑے ہاتھوں لیا۔
شنیرا اکرم نے کرکٹرز اور کرکٹ سے متعلق ٹوئٹس کرنے والے ایکس اکاؤنٹ کی ایک پوسٹ پر رد عمل دیتے ہوئے طلاق کی خبروں کو جھوٹا قرار دیا۔
ایکس کے اکاؤنٹ پر متعدد کرکٹرز کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا تھا کہ مذکورہ تمام کرکٹرز کی شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں۔
جن کرکٹرز کی طلاقوں کے دعوے کیے گئے تھے، ان میں وسیم اکرم کی بھی تصویر شامل کی گئی تھی، جس پر ان کی اہلیہ شنیرا اکرم نے رد عمل دیا۔
انہوں نے ایکس اکاؤنٹ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا کہ ان کی معلومات اور پوسٹ بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے، ایسا کچھ بھی نہیں۔
شنیرا اکرم کی جانب سے ایکس اکاؤنٹ کو آڑے ہاتھوں لیے جانے کے بعد متعدد سوشل میڈیا پیجز نے بھی شنیرا اکرم کی وضاحت کی پوسٹس شیئر کیں، جنہیں کرکٹر کی اہلیہ نے انسٹاگرام اسٹوریز میں بھی شیئر کیا۔
شنیرا اکرم نے اپنی وضاحتی پوسٹس کو انسٹاگرام اسٹوریز میں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ خوش شادی شدہ زندگی گزار رہی ہیں، ان کی شادی سے متعلق جھوٹی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ شنیرا اکرم نے 2013 میں وسیم اکرم سے 30 برس کی عمر میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2014 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی۔
شنیرا اکرم کا تعق آسٹریلیا سے ہے، تاہم انہوں نے شادی کے بعد جلد ہی پاکستانی روایات اور ثقافت کو اپناتے ہوئے پاکستانیوں کے دل جیتے۔
وسیم اکرم کی پہلی اہلیہ ڈاکٹر ہما 2009 میں انتقال کر گئی تھیں اور سابق کرکٹر کے پہلی اہلیہ سے 2 بیٹے ہیں۔