آئی سی سی چیمئینز ٹرافی کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہونیوالی پاکستان ٹیم کے سینئیر کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے بریک لینے کیلئے مشاورت تیز کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیمپئینز ٹرافی میں سینئیر پلئیرز کی ناقص فارم کے باعث تبدیلیوں کی باز گشت سنائی دے رہی ہے تاہم کھلاڑیوں نے خود ہی اپنی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے کچھ عرصے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ سے بریک لینے کیلئے مشاورت شروع کردی ہے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلیٰ عہدیدار قومی ٹیم کی کارکردگی سے ناخوش ہیں اور نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں آرام کی غرض سے دستبردار ہوسکتے ہیں۔
چیمپئینز ٹرافی کے بعد قومی ٹیم کے اگلا اسائنمنٹ نیوزی لینڈ میں وائٹ بال سیریز ہے، جہاں قومی ٹیم کے 5 ٹی20 اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنا ہے، یہ سیریز 16 مارچ سے 5 اپریل تک شیڈول ہے۔
اس دورے کے دوران کھلاڑیوں کی ناقص پرفارمنس کے باعث انہیں ڈراپ کیے جانے کا امکان تھا تاہم کرکٹرز نے اس خدشے کو دیکھتے ہوئے خود بریک لینا کا فیصلہ کیا ہے۔
آرام کی غرض سے باہر ہونیوالے کھلاڑیوں میں بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ کے نام زیر گردش ہیں تاہم دیگر کھلاڑیوں کے حوالے سے بھی افواہیں گونج رہی ہیں۔