پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے رواں سال ہونے والے سیزن کے لیے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق پی ایس ایل 10 کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا۔
ایونٹ کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ لاہور قلندرز سے راولپنڈی میں ہوگا۔
پی ایس ایل کا فائنل میچ 18 مئی کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
پشاور کا سٹیڈیم 8 اپریل کو پی ایس ایل کے نمائشی میچ کی میزبانی کرے گا۔
پشاور میں کھیلے جانے والے نمائشی میچ کے لیے ٹیموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پی ایس ایل کے رواں سال ہونے والے سیزن کے 34 میچز لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل 10 کے لیے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم 13 مئی کو کوالیفائر سمیت 11 میچوں کی میزبانی کرے گا۔
اسی طرح لاہور فائنل اور دو ایلیمینیٹرز سمیت 13 میچوں کی میزبانی کرے گا۔
فوٹو: پی سی بی
کراچی کا نیشنل سٹیڈیم اور ملتان کرکٹ سٹیڈیم ایونٹ کے پانچ پانچ میچوں کی میزبانی کریں گے۔
ایونٹ میں تین ڈبل ہیڈر میچز بھی ہوں گے جس میں دو میچ ویک اینڈ اور ایک قومی تعطیل یعنی یکم مئی پر ہوگا۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل 10 میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، پشاور زلمی، لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں کھیلیں گی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔