بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی انڈین کرکٹ ٹیم کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی انڈین ٹیم کے لیے کرکٹ بورڈ نے 58 کروڑ انڈین روپے انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔
یہ انعامی رقم کھلاڑیوں، کوچز، سپورٹ سٹاف سمیت سلیکشن کمیٹی کے ہیڈ اجیت اگارکر اور دیگر ارکان کو ملے گی۔
بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ ’آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں فتح حاصل کرنے پر بی سی سی آئی انڈین ٹیم کے لیے 58 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کر رہا ہے۔‘
بی سی سی آئی نے مزید کہا کہ ’یہ انعامی رقم کھلاڑیوں، کوچنگ اور سپورٹ سٹاف سمیت سلیکشن کمیٹی کے ارکان میں تقسیم کی جائے گی۔‘
بی سی سی آئی نے مزید کہا کہ ’روہت شرما کی بے مثال قیادت میں انڈیا نے بنگلہ دیش کو چھ وکٹوں سے ہرایا پھر پاکستان کو بھی چھ وکٹوں سے شکست دی۔ اس کے بعد ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے ہرایا اور پھر سیمی فائنل میں انڈیا نے آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے شکست دی۔‘
خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں انڈیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔
چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں انڈین ٹیم بغیر کوئی میچ ہارے ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی۔