’وہ جیسے بس میں سفر کرتا تھا‘، جب امریکن ایئرلائن کے لیے گولڈن ٹکٹ کروڑوں کے نقصان کا باعث بنا

اردو نیوز  |  Mar 25, 2025

امریکن ایئر لائنز نے ایک ایسی سکیم کا آغاز کیا تھا جس کے تحت تقریبا دو لاکھ 50 ہزار ڈالرز کے عوض گولڈن ٹکٹ فراہم کیا جاتا تھا۔

اس گولڈن ٹکٹ کو خریدنے والے صارف کو یہ سہولت حاصل تھی کہ وہ پوری زندگی امریکن ایئر لائنز کی کسی بھی پرواز میں فرسٹ کلاس سیٹ پر مفت سفر کر سکتا تھا، تاہم بعد میں اس سکیم کو مالی وجوہات کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا۔

گولڈن ٹکٹ کو لائف ٹائم ٹکٹ اور اے اے ایئر پاس بھی کہا جاتا تھا۔

ڈیلی میل کے مطابق شکاگو سے تعلق رکھنے والے بزنس مین سٹیون روتھسٹین نے سنہ1987 میں اسی سکیم کے ذریعے دو لاکھ 50 ہزار ڈالرز میں گولڈن ٹکٹ خریدا۔

اس کے علاہ انہوں نے ایک لاکھ 50 ہزار ڈالرز مزید ادا کرکے ایک اور گولڈن ٹکٹ بھی خریدا، جس کے تحت وہ پرواز کے دوران ایک ساتھی مسافر (مہمان) کو ساتھ سفر کروا سکتے تھے۔

گولڈن ٹکٹ کی خریداری کے وقت سٹیون روتھسٹین کی عمر 37 برس تھی اور اس وقت ان کے معمول کے کاروباری دوروں کے لیے یہ ایک موزوں سرمایہ کاری تھی۔

گولڈن ٹکٹ کی خریداری کے بعد اگلے 20 برس تک سٹیون روتھسٹین نے اس کا خوب فائدہ اٹھایا اور کم از کم 10 ہزار سے زائد مرتبہ فضائی سفر کیا۔

سٹیون روتھسٹین نے دو لاکھ 50 ہزار ڈالرز میں گولڈن ٹکٹ خریدا۔ (فوٹو: ڈیلی میل)سٹیون روتھسٹین کی لگاتار فضائی سفر کی قیمت امریکن ایئر لائنز کو دو کروڑ 10 لاکھ ڈالرز پڑی اور بلآخر کمپنی کو یہ سکیم بند کرنا پڑی اور سٹیون روتھسٹین کا گولڈن ٹکٹ سنہ 2008 میں ختم کر دیا گیا۔

سٹیون روتھسٹین کی اہلیہ نے اس وقت صحافیوں کا بتایا تھا کہ ’سٹیون روتھسٹین جہاز پر اس طرح سے سفر کرتے تھے جیسے لوگ بس پر کرتے ہیں۔‘

سنہ 2019 میں سٹیون روتھسٹین نے گارڈین کو ایک انٹرویو میں اس واقعے کی تفصیل بتائی تھی جب امریکن ایئرلائنز نے ان کا گولڈن ٹکٹ ختم کر دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں لندن ایئرپورٹ میں اپنا سامان رکھوانے ٹکٹ کاؤنٹر پر پہنچا، اس کے بعد میں جہاز کی طرف جا رہا تھا تو ٹھیک دروازے پر انہوں نے مجھے خط پکڑایا جس میرا گولڈن ٹکٹ ختم کرنے کا اعلان درج تھا، وہ مجھے اچھے انداز میں بھی تو آگاہ کر سکتے تھے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔‘

خیر امریکن ایئرلائنز اور سٹیون روتھسٹین کے درمیان معاملہ اتنی سادگی سے ختم نہیں ہوا۔

بعد میں سٹیون روتھسٹین نے ایئرلائن پر معاہدہ پورا نہ کرنے کا کیس کر دیا، جس کے جواب میں امریکن ایئر لائنز نے سٹیون روتھسٹین پر سکیم کا غیر منصفانہ فائدہ اٹھانے کا کیس دائر کیا اور الزامات عائد کیے کہ انہوں مہمان والے ٹکٹ کا ناجائز استعمال کیا ہے۔

امریکن ایئر لائنز نے مقدمے میں کہا تھا کہ سٹیون روتھسٹین نے دو گولڈن ٹکٹ خریدے تھے، ایک اپنے اور دوسرا ممکنہ مہمان مسافر کے لیے۔

مقدمے کے مطابق دوران پرواز اگر ان کے ساتھ کوئی مہمان نہ بھی ہوتا تو وہ تب بھی ایک مزید سیٹ بُک کروا لیا کرتے تھے، جس سے کمپنی کو نقصان ہوا۔

عدالت میں ان مقدمات کے منطقی حل سے پہلے ہی دونوں فریقین نے عدالت کے باہر ہی معاملہ نپٹا لیا تھا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More