یوکرین پر امریکہ کے ساتھ مذاکرات ’مفید‘، جاری رکھیں گے: روسی عہدیدار

اردو نیوز  |  Mar 25, 2025

امریکہ اور روس کے درمیان بات چیت میں شامل اہم روسی عہدیدار نے کہا ہے کہ ماسکو یوکرین تنازع پر امریکہ کے ساتھ ’مفید‘ مذاکرات جاری رکھے گا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گریگوری کاریسن نے نیوز ایجنسی تاس کو بتایا کہ ہمارا مقصد ہے کہ بات چیت کے اس سلسلے میں اقوام متحدہ اور دوسرے ممالک کو بھی شامل کیا جائے۔

ان کے مطابق ’ہم نے ہر چیز کے بارے میں بات کی ہے، یہ آسان نہیں بلکہ مشکل بات چیت ہے تاہم ہمارے اور امریکیوں کے لیے کافی مفید بھی ہے۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’بہت سے مسائل پر بات ہوئی ہے۔‘

گریگوری کاریسن کے بقول ’یقیناً ابھی ہم سب کچھ حل کر لینے اور تمام نکات پر اتفاق سے دور ہیں لیکن ایسا لگتا ہے یہ بات چیت بالکل بروقت ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم مذاکرات کو جاری رکھیں گے جبکہ عالمی برادری اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اقوام متحدہ اور دوسرے ممالک کو بھی اس میں شامل کریں گے۔‘

ان کا یہ بیان سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ایک پرتعیش ہوٹل میں روس اور امریکہ کے حکام کے درمیان 12 گھنٹے کے مذاکرات کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔

24 فروری 2022 کو روس نے پڑوسی ملک یوکرین پر حملہ کیا تھا (فوٹو: روئٹرز)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ روس اور یوکرین میں تین سال سے جاری جنگ کے خاتمے پر زور دے رہے ہیں اور انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ سعودی دارالحکومت میں ہونے والے مذاکرات سے پیش رفت کی راہ ہموار ہو گی۔

قبل ازیں تاس نیوز ایجنسی نے ایک سورس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ بات چیت کے حوالے سے مشترکہ بیان منگل کو جاری کیا جائے گا۔

وفد میں شامل ایک سورس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یوکرین کی مذاکراتی ٹیم نے امریکی نمائندوں سے ملاقات میں ریاض میں ایک روز قیام کیا جبکہ ایک اور سورس نے اے ایف پی کو بتایا کہ دوسری ملاقات کا بھی امکان ہے، جو اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ اس معاملے پر پیشرفت ہوئی ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More