ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، سرکردہ لیڈر سمیت 9 خوارج ہلاک

سچ ٹی وی  |  Apr 07, 2025

ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ انٹرسروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان آپریشن میں مارے جانے والے دہشت گردوں میں سرکردہ لیڈر شیریں بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ شام بھی سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں پاک-افغان بارڈر سے خارجیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا، 4 دہشتگرد زخمی بھی ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا کہ پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت سے موثر بارڈر مینجمنٹ کے لیے کہتا رہا ہے، توقع ہے افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکورٹی فورسز پرعزم ہیں، اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم رہیں گی۔

دریں اثنا صدر اور وزیراعظم نے بھی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدرمملکت آصف زرداری نے پاک افغان سرحد پر دراندازی روکنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 8 خارجی دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کی بہادری قابل ستائش ہے، پاک افواج ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت پر عزم ہیں۔

دوسری جانب، وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق شہباز شریف نے افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر فورسز کی پذیرائی کی، اور کہا کہ فورسز نے دہشت گردوں کے شرانگیزی کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔

یاد رہے کہ 22 اور 23 مارچ کی درمیانی شب میں خارجیوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلے میں دراندازی کی کوشش کی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More