ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے شکست دے دی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔ 220 رنز کے ہدف کے جواب میں کوئٹہ کی ٹیم 17 ویں اوور میں 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان نے 67 رنز کی اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔
سیم بلنگز 19گیندوں پر نصف سنچری بنا کر ناقال شکست رہے۔ سیم بلنگز نے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔
ان کے علاوہ عبداللہ شفیق اور ڈیرل مچل نے 37، 37 رنز بنائے۔ محمد نعیم 10 اور سکندر رضا 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عقیل حسین اور ابرار احمد نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، فہیم اشرف اور عثمان طارق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
220 رنز کے ہدف کے جواب میں کوئٹہ کی ٹیم 140 رنز بناسکی۔
کوئٹہ کی جانب سے رائیلی روسو 44 اور کوشل مینڈس 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
شعیب ملک 14 اور عقیل حسین 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سعود شکیل، حسن علی اور محمد عامر1،1 رن بناسکے۔
فن ایلن صفر، ابرابر احمد 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، فہیم اشرف نے 21 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی، آصف آفریدی اور سکندر رضا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کو دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 8 وکٹ سے شکست ہوئی تھی جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نےگزشتہ روز پشاورزلمی کو 80 رنز سے مات دی تھی۔