’چور ٹیسٹ ڈرائیو کے بہانے گاڑی لے کر رفوچکر‘، نان کسٹم پیڈ گاڑی کیسے برآمد ہوئی؟

اردو نیوز  |  May 05, 2025

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مالاکنڈ میں ریوو ڈالے کی چوری کا انوکھا واقعہ پیش آیا جس میں مالک کی آنکھوں کے سامنے چور لاکھوں روپے کی گاڑی بھگا لے گیا۔

سنیچر تین مئی کو مالاکنڈ چکدرہ کے قریب نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے بارگین پر چور ایک خریدار کے طور پر گاڑی خریدنے کی غرض سے آیا۔ 

نوجوان نے بارگین مالک سے بڑی گاڑی دکھانے کو کہا جس پر خریدار کو ریوو 2017 ماڈل پک اپ ٹرک دکھایا گیا۔

بارگین مالک شفیق خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ’نوجوان نے گاڑی کی قیمت پوچھنے کے بعد ٹیسٹ ڈرائیو کرنے کا پوچھا جس کے بعد گاڑی ان کے حوالے کر دی گئی جب کہ ایک ملازم بھی ساتھ بھیجا گیا۔‘

خریدار گاڑی چلاتے ہوئے مسلسل ٹک ٹاک ویڈیو بھی بناتا رہا تاہم سوات ایکسپریس کے ایک مقام پر آ کر نوجوان نے بارگین کے ملازم سے گاڑی سے نیچے اتر کر ویڈیو بنانے کی فرمائش کی جس پر اس نوجوان نے موقعے سے فائدہ اٹھایا اور گاڑی لے کر رفو چکر ہو گیا۔

 گاڑی کی چوری کے فوری بعد بارگین مالک کی جانب سے مبینہ چور کی ویڈیو اور تصویر سوشل میڈیا پر اَپ لوڈ کر دی گئی۔

بارگین مالک شفیق خان کے مطابق گاڑی کو بھگانے والا نوجوان نامعلوم تھا جس کے بارے میں کسی کو علم نہیں تھا تاہم نوجوان کی ویڈیو موجود تھی جو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تاکہ مقامی لوگوں اور پولیس کو خبر ہو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی پولیس کو واقعے کی رپورٹ کر دی گئی تھی۔ بارگین مالک نے مبینہ چور کی تصویر شیئر کر کے اطلاع دینے والے کو ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔ 

گاڑی کہاں سے برآمد ہوئی؟

مالاکنڈ بٹ خیلہ کی یہ نان کسٹم پیڈ گاڑی چند ہی گھنٹوں بعد سوموار کی صبح پشاور بورڈ کے علاقے سے برآمد ہوئی۔

بارگین مالک شفیق خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’گاڑی برآمد ہوئی ہے جس کو واپس بٹ خیلہ بارگین لے آئے ہیں جب کہ گاڑی بھگانے والے ملزم کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’سوشل میڈیا کی بدولت نقصان سے بچ گئے ہیں۔  ملزم کی تصاویر ہونے کی وجہ سے ملزم تک رسائی میں مدد حاصل ہوئی۔‘

بارگین مالک شفیق خان کے مطابق گاڑی کو بھگانے والا نوجوان نامعلوم تھا (فوٹو: ویڈیو گریب)شفیق خان نے محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں کے ساتھ ویڈیو بنائی جس میں انہوں نے ریوو گاڑی کی برآمدگی کی تصدیق کرتے ہوئے ایکسائز پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ 

محکمہ ایکسائز پولیس کا موقف 

ایکسائز پولیس مالاکنڈ انچارچ طاہر خان نے موقف اپنایا کہ ’ملزم گاڑی چکدرہ سے بھگا کر پشاور لے جایا گیا تھا جہاں سے اسے بحفاظت برآمد کر لیا گیا ہے۔ گاڑی کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد واپس مالک کے حوالے کر دیا گیا ہے تاہم ملزم پولیس کی تحویل میں ہے۔‘

ایکسائز پولیس کی جانب سے ابھی تک ملزم کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

نان کسٹم پیڈ گاڑی کی واپسی کا طریقہ کار کیا ہے؟

 ایکسائز پولیس حکام کے مطابق نان کسٹم پیڈ گاڑی کو کسٹم زون میں لے کر آنا جرم ہے جس پر سزا کے ساتھ جرمانہ جب کہ گاڑی بھی ضبط کر لی جاتا ہے تاہم نان کسٹم چوری شدہ گاڑی جانچ پڑتال کے بعد مالک کے حوالے کی جاتی ہے جس کے لیے ایکسائز پولیس اپنے طریقہ کار پر عمل کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چوری کی اگر ایف آئی آر درج ہو تو عدالتی کارروائی کے بعد سپرداری کاغذ بنا کر مالک اپنی گاڑی حاصل کر سکتا ہے۔

حکومت کی جانب سے نان کسٹم پیڈ گاڑی کو صرف مالاکنڈ ڈویژن کی حدود میں چلانے کی اجازت ہے جس کی آخری حد سخاکوٹ مالاکنڈ ہے تاہم اس حد سے آگے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہے اور خلاف وزری کرنے والے کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More