خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئی انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران 8 خوارج ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک سپاہی جامِ شہادت نوش کر گیا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں شمالی اور جنوبی وزیرستان، خیبر اور بنوں کے اضلاع میں کی گئیں۔
شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں بھی سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد مارے گئے، جبکہ اس دوران سپاہی نائیک مجاہد خان جامِ شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر اور بنوں کے علاقوں میں بھی دو الگ الگ جھڑپوں میں تین مزید دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ان تمام کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور عام شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔