سرحد چیمبر نے حکومت سخت ٹیکس اقدامات، کاروبار مخالف تجاویز پر تحفظات سینیٹ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کردیئے۔
سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریونیو اینڈ خزانہ کے حالیہ منعقدہ اجلاس میں 37A, 37B, 8B سیکشنز کے تحت گرفتاریاں , SRO -709 اور 21 (S) and (ڈیجیٹل POS انٹیگریشن) اور سیکشن 25A جرمانے پر تاجر برادری کے تحفظات کو پیش کیا اور حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر سخت ٹیکس اقدامات واپس لے۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فضل مقیم خان کے علاوہ گروپ لیڈر اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر غضنفر بلور، چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر سجاد ظہیر، مختلف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران اور نمائندگان نے شرکت کی۔
سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان اور دیگر لیڈران اور نمائندوں نے سیکشن 37A، 37B اور 21(s) کے تحت 2 لاکھ روپے سے زائد سیلز پر اضافی ٹیکس وصولی سمیت 8B میں ان پٹ (input-tax) ٹیکس کو ایڈجسٹ نہ کرنے اور 40B کے تحت ایف بی آر اہلکار کی فیکٹریوں میں ناجائز تعیناتی سمیت SRO 709 (ڈیجیٹل POS انٹیگریشن) اور سیکشن 25A جرمانے کی شدید مخالف کی اور ان کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے کاروباری برادری کے تحفظات پر تفصیلی غور و خوض کیا اور بجٹ میں بے ضابطگیوں اور مسائل کرتے ہوئے خدشات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس میں بزنس کمیونٹی کے نمائندوں کو ڈیجیٹل انوائسنگ سسٹم موخر کرنے اور ٹیکس کے سخت اقدامات و جرمانوں میں نرمی اور فنانس ایکٹ سے کاروبار مخالف تجاویز ہٹانے کی یقین دہانی کرائی گئی تاکہ تاجر برادری کو فوری ریلیف مل سکے۔
اجلاس کے دوران سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان، گروپ لیڈر غضنفر بلور، ایگزیکٹو ممبر سجاد ظہیر اور دیگر چیمبرز عہدیداران اور تاجر رہنماؤں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ اور محصولات کی جانب سے تاجر برادری کے حقیقی تحفظات اور جائز مطالبات کو حل کرنے کی یقین دہانی کرانے پر شکریہ ادا کیا۔
سرحد چیمبر کا کہنا تھا سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی جانب سے مسائل کے حل کی یقین دہانی کاروباری برادری کی متحد آواز کی عکاسی کرتا ہے، جو مربوط حکمت عملی، اسٹیک ہولڈرز کے اتحاد اور اسٹریٹجک اور مضبوط قیادت کا عظیم مظہر ہے۔
سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان نے کاروباری طبقہ کے مسائل کے فوری حل کی جدوجہد جاری رکھنے اور غیر متزلزل حمایت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ترقی، پائیداری اور باہمی افہام و تفہیم کی فضا میں تمام تر مسائل حل کرنے کی کوششوں کو جاری رکھنے کا عزم کیا۔
چیئرمین کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت کاروبار کو آسان بنانے اور ہموار کاروبار، تجارت اور برآمدات میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔