علاقائی تجارت کے لیے فری ٹریڈ ایگریمنٹ ناگزیر ہے، پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس

ہماری ویب  |  Jul 25, 2025

پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PAJCCI) نے پاکستان اور افغانستان کے مابین ترجیحی تجارتی معاہدہ (PTA) پر دستخط کو دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا ہے اور دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اس سلسلے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے فری ٹریڈ ایگریمنٹ (FTA) پر بھی جلد از جلد عملدرآمد یقینی بنائیں۔

پی اے جے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر اور سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (SCCI) کے ایگزیکٹو ممبر ضیا الحق سرحدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے کے تحت محصولات میں کمی سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط میں بہتری آئے گی اور سرحد کے دونوں جانب کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے بلاشبہ ایک اہم قدم ہے تاہم علاقائی سطح پر پائیدار اقتصادی ترقی اور وسیع تر تجارتی امکانات سے فائدہ اٹھانے کے لیے فری ٹریڈ ایگریمنٹ ناگزیر ہے۔

یاد رہے کہ بدھ کے روز پاکستان اور افغانستان نے ترجیحی تجارتی معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت دونوں ممالک ایک دوسرے کی آٹھ اشیا پر کسٹمز ڈیوٹی میں نمایاں کمی کریں گے۔ معاہدے کے مطابق پاکستان انگور، انار، سیب اور ٹماٹر پر جبکہ افغانستان آم، مالٹے، کیلے اور آلو پر درآمدی محصولات کو 60 فیصد سے کم کر کے 27 فیصد تک لائے گا۔یہ معاہدہ یکم اگست 2025 سے نافذ العمل ہوگا جو ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے ہوگا تاہم فریقین کی رضامندی سے اس میں توسیع اور مزید اشیا کی شمولیت کا امکان بھی موجود ہے۔

ضیا الحق سرحدی جو فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن (FCAA) خیبرپختونخوا کے صدر بھی ہیں نے توقع ظاہر کی کہ یہ معاہدہ نہ صرف برآمدات و درآمدات میں اضافہ کرے گا بلکہ دونوں ممالک کے عوام کو روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی بحران کے پیش نظر ایسے فیصلے بروقت اور قابل ستائش ہیں جو نہ صرف دوطرفہ تجارت کو تقویت دیں گے بلکہ پورے خطے میں اقتصادی استحکام کا باعث بنیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More