اگر وہ یہ سب نہ کریں تو کوئی دیکھے گا ہی نہیں۔۔ صرحا اصغر کی سطحی ویڈیوز بنانے والے ولاگرز پر تنقید ! والدین کو جھنجھوڑ دینے والا کیا پیغام دیا؟

ہماری ویب  |  Jul 30, 2025

"ولاگرز ایسی دنیا دکھاتے ہیں جو حقیقت سے کوسوں دور ہے، وہ لگژری لائف اسٹائل، اوور دی ٹاپ رومانس اور قیمتی تحفوں کے خواب نوجوانوں کی آنکھوں میں بسادیتے ہیں، جو بعد میں صرف محرومی میں بدلتے ہیں۔ اگر وہ سچ دکھائیں، عام سی زندگی دکھائیں، تو شاید لوگ انہیں دیکھیں ہی نہ، یہی وجہ ہے کہ وہ حقیقت چھپا کر صرف دکھاوا کرتے ہیں۔"

اداکارہ و ماڈل صرحا اصغر نے ایک پوڈکاسٹ گفتگو میں ولاگرز اور یوٹیوبرز پر سخت تنقید کی، اور سوشل میڈیا کے مصنوعی چمک دمک والے ماحول کو نوجوانوں کی ذہنی صحت کے لیے زہریلا قرار دیا۔ ان کے مطابق ولاگز میں جو محبت، مہنگے تحفے، بڑی بڑی گاڑیاں اور سج دھج دکھائی جاتی ہے، وہ محض ایک تماشہ ہے جو لاکھوں نوجوانوں میں احساسِ کمتری، پریشانی اور غلط خواب پیدا کرتا ہے۔ صرحا نے خاص طور پر اس حالیہ ولاگ کا ذکر کیا جس میں یوٹیوبر معاذ صفدر نے اپنی اہلیہ کو تین سے چار لاکھ روپے کا پھولوں کا گلدستہ دیا اور اسے خصوصی ٹرک کے ذریعے پہنچایا۔ ان کے بقول، "محبت کا اظہار پھولوں کے ٹرک سے نہیں، سچے جذبوں سے ہوتا ہے، مگر یہ ولاگرز نوجوانوں کو یہی سکھا رہے ہیں کہ اگر مہنگی چیز نہ دو، تو محبت مکمل نہیں۔"

صرحا نے یوٹیوبر ثنا یوسف کے لرزہ خیز قتل پر بھی اظہار خیال کرتے ہوئے والدین کو جھنجھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو اب آنکھیں کھولنی ہوں گی۔ "سوشل میڈیا کی دنیا اتنی خطرناک ہو چکی ہے کہ کم عمر بچے یہ سمجھ ہی نہیں پاتے کہ اسکرین کے پیچھے کون ان سے سچ بول رہا ہے اور کون محض دکھاوا کر رہا ہے۔" ان کے مطابق، اس کا واحد حل بچوں کے ساتھ اعتماد پر مبنی رشتہ ہے تاکہ وہ ہر بات والدین کے ساتھ شیئر کریں اور کسی غلط سمت میں جانے سے پہلے والدین کو خبر ہو۔

اداکارہ نے ولاگرز کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے مواد میں سنجیدگی اور ذمہ داری دکھانی چاہیے۔ "جو دکھا رہے ہیں، وہ کم از کم حقیقت کے قریب ہو۔ کیونکہ لاکھوں لوگ انہیں دیکھتے ہیں اور سیکھتے بھی ہیں۔ ایسے خواب نہ دکھائیں جو عام انسان کے بس سے باہر ہوں۔"

صرحا اصغر کی اس گفتگو نے اس مصنوعی ڈیجیٹل کلچر پر سوالات اٹھا دیے ہیں جس میں سب کچھ پرفیکٹ، مہنگا اور لائکس کے لیے بنایا گیا دکھائی دیتا ہے، مگر پیچھے ایک پوری نسل عدم تحفظ، خود ترسی اور الجھن کا شکار ہو رہی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More