انڈین پنجاب کی مزاحیہ فلموں کے مشہور اداکار جسویندر سنگھ بھلا چل بسے

اردو نیوز  |  Aug 23, 2025

انڈیا کی پنجابی فلموں کے اداکار مشہور مزاحیہ جسویندر سنگھ بھلا 65 برس کی عمر میں چل بسے ہیں۔

اخبار ’دی ہندو‘ کی رپورٹ کے مطابق جمعے کی صبح اداکار کے اہلخانہ نے موہالی کے ایک ہسپتال میں اُن کی موت کی تصدیق کی۔

اہلخانہ کے مطابق جسویندر سنگھ بھلا کو طبیعت ناساز ہونے پر ہسپتال لایا گیا تھا جہاں وہ کچھ دیر بعد چل بسے۔

کینیڈا میں بننے والی پنجابی فلموں میں اپنے طنز و مزاح اور ذہانت کے لیے جانے جانے والے اداکار بھلا کی موت پر انڈیا کے سیاسی رہنماؤں اور فلم انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔

انڈین ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اداکار بھلا کی میت موہالی کے فورٹس ہسپتال میں رکھی گئی ہے۔ اور ان کی آخری رسومات سنیچر کو بلونگی میں ہوں گی۔

جسویندر سنگھ بھلا کی آخری رسومات میں پنجابی فلم انڈسٹری سے وابستہ ان کے بہت سے ساتھیوں کی شرکت متوقع ہے۔ 

ریاست پنجاب میں کانگریس کے سربراہ امریندر سنگھ راجہ وارنگ نے اداکار بھلا کو ’ایک قابل فخر پنجابی آواز‘ قرار دیا۔

لدھیانہ کے منتخب پارلیمان کے رکن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’جسویندر بھلا جی کی موت سے گہرا دکھ ہوا ہے۔ دنیا بھر میں ایک قابل فخر پنجابی آواز، کمیونٹی کے لیے ان کی شراکت اور محبت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے خاندان اور مداحوں سے دلی تعزیت۔‘

بی جے پی کے رہنما سکھمندر پال سنگھ گریوال نے کہا کہ جسویندر بھلا نہ صرف پنجابی کامیڈی کے بادشاہ تھے بلکہ وہ سچائی اور سادگی کی آواز بھی تھے۔

تعزیتی پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’ڈاکٹر بھلا جی نہ صرف پنجابی کامیڈی کے بادشاہ تھے بلکہ سچائی اور سادگی کی آواز بھی تھے جنہوں نے دنیا بھر کے لاکھوں چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں، سٹیج سے لے کر سینما تک، پنجاب کے دیہاتوں سے لے کر بین الاقوامی پلیٹ فارمز تک، ان کے بے مثال مزاح، گرمجوشی اور دانشمندی نے انہیں پنجابی ثقافت کا ایک حقیقی عالمی آئیکون بنا دیا۔‘

راجیہ سبھا کی رکن سواتی مالیوال نے آنجہانی اداکار جسویندر بھلا کو ایک ’سچا آئیکون‘ قرار دیا جس نے طاقتور سماجی پیغامات پہنچانے کے لیے مزاح کا استعمال کیا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More