پاکستان بھارت ایشیا کپ فائنل: بائیکاٹ کے نعرے لگانے والے اب کمائی کے چکر میں

ہماری ویب  |  Sep 27, 2025

پاکستان سے کرکٹ میچز کے بائیکاٹ کی باتیں کرنے والے بھارتی سیاست دان اور عوامی حلقے اب اتوار کو ہونے والے ایشیا کپ فائنل کو کمائی کا ذریعہ بنانے لگے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے والا فائنل پورے بھارت کے پی وی آر اور ملٹی پلیکش سینما گھروں میں براہِ راست دکھایا جائے گا، جہاں کم سے کم ٹکٹ 250 بھارتی روپے رکھی گئی ہے اور آن لائن سیل کا آغاز ہو چکا ہے۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ کے آغاز سے قبل بعض سیاست دانوں نے زور دیا تھا کہ پاکستان کے خلاف کرکٹ کا مکمل بائیکاٹ ہونا چاہیے۔ سوشل میڈیا پر بھی پاکستان مخالف پروپیگنڈا زوروں پر رہا۔

14 ستمبر کو کھیلے گئے پاک بھارت میچ کے وقت بائیکاٹ کی مہم اس حد تک بڑھی کہ شائقین کو کہا گیا کہ نہ اسٹیڈیم جائیں اور نہ ہی ٹی وی یا اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر میچ دیکھیں۔ تاہم قسمت نے پلٹا کھایا اور پاکستان فائنل تک پہنچ گیا جس کے بعد بھارت میں اس میچ کو لے کر بے حد جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ جو لوگ بائیکاٹ کی باتیں کر رہے تھے وہی اب فائنل کے ٹکٹ بیچ کر بھاری کمائی کر رہے ہیں۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق یہ بھارتی رویے کا تضاد ہے جو کھیل کو سیاست سے جوڑنے کی ایک اور مثال ہے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ کے براڈکاسٹنگ رائٹس سونی ٹی وی نے 170 ملین ڈالر کی خطیر رقم دے کر خریدے ہیں اور امکان ہے کہ فائنل کے بعد وہ اپنی سرمایہ کاری پوری کر لیں گے۔

دوسری طرف پاکستان میں بھی پاک بھارت میچز ہمیشہ ایک تہوار کی طرح دیکھے جاتے ہیں۔ بڑے شہروں کے ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور گلی محلوں میں بڑی اسکرینز نصب کی جاتی ہیں تاکہ عوام اجتماعی طور پر میچ کا لطف اٹھا سکیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More