کھلاڑیوں اور بورڈز کے مابین بدمزگی برقرار، چند گھنٹوں بعد پاک بھارت ٹیموں کا فائنل ٹاکرا

ہماری ویب  |  Sep 28, 2025

پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز اور کھلاڑیوں کے درمیان ایشیا کپ میں بدمزگی کا سلسلہ فائنل کے دن بھی جاری ہے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو نے اب فائنل سے پہلے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کے ساتھ فوٹو شوٹ کے لیے منع کر دیا۔ ٹورنامنٹ اور بائے لیٹرل سیریز میں یہ روایت رکھی گئی ہے کہ ٹیموں کے کپتان سیریز یا فائنل سے پہلے ہمیشہ ٹرافی کے ساتھ اپنی تصویریں کھنچواتے ہیں یہ اس لیے کیا جاتا ہے کہ سپانسرز کو زیادہ سے زیادہ پبلسٹیبل ہے۔

ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز پاکستان اور بھارت کے کپتانوں کو بھی ایشیا کپ ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ کرنا تھا لیکن بھارتی ٹیم مینجمنٹ نے آخری وقت میں منع کر دیا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی انڈیا، سری لنکا کے میچ کے بعد آئی سی سی میں باضابطہ طور پر بھارتی فاسٹ بالر اشدیپ سنگھ کے خلاف شکایت درج کرائی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے شکایت کی ہے کہ اشدیپ نے میچ کے دوران نازیبا اشارے کیے جو پاکستان سے متعلق تھے اور ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، کیونکہ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

اس سے قبل سوریا کمار کو اور حارث رؤف کو قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر آئی سی سی ان کی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ کرچکی ہے جبکہ پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان کو بھی تنبیہ کی گئی ہے۔

پورے ایشیا کپ کے دوران دونوں ٹیموں میں تعلقات ناخوشگوار رہے ہیں اور اس کی شروعات بھارت کے کپتان نے 14 ستمبر کو کی تھی جب انہوں نے پاکستان ٹیم کی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا اور ساتھ ہی پریزنٹیشن سیرمنی اور پریس کانفرنس میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والے تنازعے کے بارے میں بھی باتیں کیں۔

واضح رہے کہ آج ایشیا کپ کا فائنل پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More